دہلی: آزاد پور منڈی میں انسانی جسم کو انفیکشن سے پاک کرنے والی مشین نصب

مشین میں داخل ہونے والے شخص پر اسپرے کیا جاتا ہے، جس کے بعد وہ انفیکشن سے پاک ہو جاتا ہے، دہلی آئی آئی ٹی نے ڈیڑھ لاکھ روپے کی لاگت سے مشین تیار کی، دیگر منڈیوں میں بھی جلد مشینیں لگوائی جائیں گی

تصویر
تصویر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر قومی راجدھانی دہلی میں واقع آزاد پور منڈی میں ’فُل ہیومن بادی سینیٹائزنگ مشین‘ (انسانی جسم کو جراثیم اور وائرس سے پاک کرنے والی مشین) نصب کی گئی ہے۔ دہلی کے وزیر ترقیات گوپال رائے نے جمعہ کے روز مشین کا جائزہ لیا۔

گوپال رائے نے بتایا کہ سبزیوں کو اشیائے ضروریہ میں شامل کرنے کی وجہ سے منڈی کھلی ہوئی ہے۔ یہاں آنے والے تاجروں اور مزدوروں کو کورونا وائرس کے انفیکشن کا خطرہ تھا۔ لہذا، دہلی آئی آئی ٹی کے ذریعہ تیار کردہ 'فل باڈی سینیٹائزنگ مشین‘ آزاد پور منڈی کے گیٹ نمبر ایک اور پانچ میں نصب کی گئی ہے۔


انہوں نے کہا کہ اب مارکیٹ میں آنے والے ہر شخص کو اس مشین سے گزرنا ہوگا۔ اندر داخل ہونے والے شخص پر سوڈیم ہائپو کلورائڈ کا چھڑکاؤ ہوگا، جس کے بعد وہ مکمل طور پر سینیٹائز (جراثیم اور وائرس سے پاک) ہوجاتا ہے۔ اگلے کچھ دنوں میں یہ مشین دہلی کی دیگر منڈیوں میں بھی نصب کر دی جائے گی۔ گوپال رائے کے دورے کے وقت آزاد پور منڈی کمیٹی کے چیئرمین عادل احمد خان سمیت دیگر افسران بھی موجود رہے۔

گوپال رائے نے بتایا کہ مشین میں داخل ہونے سے پہلے ہر شخص کے جسمانی درجہ حرارت کی جانچ کی جاتی ہے۔ جن کا درجہ حرارت نارمل ہے وہ اس مشین کے ذریعے گزر جائیں گے۔ کسی شخص کے مشین سے گزرنے اور سینیٹائز ہونے کے عمل میں 12 سے 15 سیکنڈ لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہی منڈیوں میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ہزاروں مزدور یہاں کام کرتے ہیں۔ ان کی حفاظت کے لئے ماسک تقسیم کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مزدوروں کو سینیٹائزر بھی مہیا کرایا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔