دہلی واقع ایمس اور صفدر جنگ کے ڈاکٹروں نے ہڑتال واپس لی

ہڑتال واپسی کا اعلان کرتے ہوئے آر ڈی اے نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو اپنے صوبہ میں مظاہرین ڈاکٹروں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے۔

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کی ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (آر ڈی اے) نے مغربی بنگال کے احتجاج کر رہے ڈاکٹروں کی حمایت میں اعلان کی گئی اپنی ایک روزہ ہڑتال کو ہفتہ کے روز واپس لے لیا۔ فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے آر ڈی اے نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو اپنے صوبہ میں مظاہرین ڈاکٹروں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے۔

آر ڈی اے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا، ’’آر ڈی اے ایمس مغربی بنگال حکومت کو ہڑتالی ڈاکٹروں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم جاری کرتا ہے، جس میں ناکام رہنے پر ہم ایمس، نئی دہلی میں غیر معینہ ہڑتال کرنے کو مجبور ہو جائیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ ضرورت کی اس گھڑی میں ملک کے ہمارے ساتھی ہمارے ساتھ ہوں گے۔‘‘


ایسوسی ایشن سے وابستہ ڈاکٹروں نے حالانکہ کہا کہ وہ احتجاج کی علامت کے طور پر لال اسٹین والی بینڈیج اور ہیلمٹ پہننا جاری رکھیں گے۔ ممتا بنرجی کی طرف سے مظاہرین ڈاکٹروں کو اپنی ہڑتال واپس لینے اور کام پر لوٹنے یا ہاسٹلوں کو خالی کرنے کے لئے چار گھنٹے کا وقت دینے کے ایک دن بعد یہ الٹی میٹم سامنے آیا ہے۔

صفدر جنگ اسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی اپنی ہڑتال واپس لے لی ہے۔ حالانکہ فیڈریشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (ایف او آر ڈی اے) سمیت تمام اسپتال تنظیمیں مغربی بنگال کے مظاہرین ڈاکٹروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ہفتہ کے روز ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔