دہلی فضائی آلودگی: ’ایئر پیوریفائر‘ پر جی ایس ٹی 18 سے گھٹا کر 5 فیصد کرنے کا مطالبہ، سی ٹی آئی نے وزیر خزانہ کو لکھا خط

سی ٹی آئی کے چیئرمین برجیش گوئل اور جنرل سکریٹری گرمیت اروڑا کا کہنا ہے کہ ایچ ای پی اے فلٹر (ہائی ایفیشینسی پارٹیکیولیٹ ایئر) پر فی الحال 18 فیصد جی ایس ٹی عائد ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فضائی آلودگی (فائل) / قومی آواز / وپن</p></div>
i

دہلی این سی آر میں فضائی آلودگی اس وقت لوگوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ ایسے میں چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) کے چیئرمین برجیش گوئل نے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کو خط لکھ کر ایئر پیوریفائر پر جی ایس ٹی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آلودگی کے باعث اس وقت لوگ ایئر پیوریفائر کا استعمال کر رہے ہیں، ایسے میں اس پر جی ایس ٹی کم کیا جانا چاہیے۔

سی ٹی آئی کے چیئرمین برجیش گوئل اور جنرل سکریٹری گرمیت اروڑا کا کہنا ہے کہ ایچ ای پی اے فلٹر (ہائی ایفیشینسی پارٹیکیولیٹ ایئر) پر فی الحال 18 فیصد جی ایس ٹی عائد ہے۔ انہوں نے اسے 18 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دہلی کے کئی علاقوں میں ہوا کا معیار خراب ہے اور اے کیو آئی 400 سے تجاوز کر چکا ہے۔ فضائی آلودگی کی صورتحال تشویش ناک بنی ہوئی ہے۔


سی ٹی آئی نے اے کیو آئی کا حوالہ دیتے ہوئے جی ایس ٹی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ایئر پیوریفائر کو طبی یا صحت سے متعلق آلات کے زمرے میں رکھا جائے اور اس پر جی ایس ٹی 18 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی سی ٹی آئی نے فلٹر اور دیگر پرزوں پر بھی جی ایس ٹی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان میں ایچ ای پی اے فلٹر، کاربن فلٹر، یو وی لیمپ، موٹر اور سینسر شامل ہیں۔ گوئل نے دلیل دی ہے کہ فلٹر ہر 6 ماہ میں تبدیل کرنا پڑتا ہے، اس لیے ان پر ٹیکس کم ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی ایئر پیوریفائر بنانے میں استعمال ہونے والے خام مال پر بھی جی ایس ٹی 12 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سی ٹی آئی نے دہلی کے تمام سرکاری اسکولوں، اسپتالوں، آنگن واڑی مراکز اور 100 بڑے بازاروں میں ایئر پیوریفائر لگانے کے لیے 500 کروڑ روپے کی خصوصی امداد فراہم کرنے کی بھی مانگ کی ہے۔

چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) اور بازاروں کی بندش سے متاثرہ تاجروں کو بھی راحت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے تحت 6 ماہ تک ای ایم آئی کی ادائیگی سے چھوٹ، سود میں 2 فیصد کی رعایت اور کاروبار جاری رکھنے کے لیے خصوصی قرض کی سہولت فراہم کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ برجیش گوئل نے کہا کہ ’’جب حکومت زندگی بچانے والی دواؤں پر جی ایس ٹی کم کر سکتی ہے تو سانس لینے کی دوا یعنی ایئر پیوریفائر پر بھی جی ایس ٹی کم کرنا چاہیے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔