دہلی: خستہ حال عوامی بیت الخلا کا ڈھانچہ گرنے سے 7 سالہ بچی کی موت، مقامی لوگوں میں غم و غصہ

واردات سے ناراض مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمے اور انتظامیہ کو خستہ حال ڈھانچے اور کھلے سیور کے ہول کے بارے میں شکایت کی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

<div class="paragraphs"><p> تصویر/آئی اے این ایس </p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

قومی راجدھانی کے ہولمبی خورد واقع میٹرو وہار کالونی میں ایک المناک حادثے میں 7 سالہ بچی کی موت ہو گئی۔ الزام لگایا گیا ہے کہ طویل عرصے سے بند پڑے عوامی بیت الخلا کے خستہ حال ڈھانچے اور انتظامی لاپرواہی اس حادثے کی وجہ ہیں۔ اس واردات سے مقامی لوگوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ ہولمبی خورد کی میٹرو وہار کالونی میں پیش آیا جہاں عوامی بیت الخلا کے سیفٹی ٹینک پر بنے گیس پاس کرنے والے ستون کے اچانک گر جانے سے 7 سالہ تانیا اس کی زد میں آگئی۔ معصوم کو سنگین چوٹیں آئیں جس کی تاب نہ لا کر اس نے دم توڑ دیا۔

متوفی بچی تانیا تیسری جماعت کی طالبہ تھی۔ اہل خانہ کے مطابق وہ کالونی میں دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی، تبھی یہ حادثہ پیش آیا۔ واردات کے بعد علاقے میں غم وغصہ کا ماحول ہے اور اور متاثرہ خاندان کا رو رو کر بڑا حال ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ جس عوامی بیت الخلا کے قریب یہ حادثہ ہوا وہ کافی عرصے سے بند پڑا ہے۔ اس کی دیکھ بھال اور مرمت کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمے اور انتظامیہ کو خستہ حال ڈھانچے اور کھلے سیور کے ہول کے بارے میں شکایت کی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔


حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور ایم سی ڈی کے خلاف بڑے پیمانے پر غصے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت دیکھ بھال اور حفاظتی اقدامات کئے جاتے تو ایک معصوم کی جان بچ سکتی تھی۔ فی الحال پولیس اور متعلقہ محکمے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس سے قبل جمعہ کو راجدھانی کے لودھی روڈ پر سیور لائن کے لیے چل رہی کھدائی کے دوران دیانند شمشان گھاٹ کی دیوار گر گئی ، جس سے 3 مزدور ملبے کے نیچے دب گئے تھے۔ حادثے میں ایک مزدور کی موقع پر ہی موت ہوگئی  جبکہ 2 دیگر زخمی ہوگئے۔

عینی شاہد بھگوان داس نے نیوز ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کو بتایا کہ واقعہ کے وقت تعمیراتی کام جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کام کر رہے تھے تبھی اچانک دیوار گر گئی۔ 3 افراد ملبے کے نیچے دب گئے۔ ان میں سے ایک کی موت ہو گئی، جب کہ 2 دیگر زخمی ہو گئے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس تقریباً 20 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچی اور متاثرین کو باہر نکالا۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔