دہرادون: اسپتال کے اے سی میں شارٹ سرکٹ سے لگی آگ، بزرگ خاتون کی موت، 2 دیگر کی حالت تشویشناک
ایس ایس پی پرمود ڈوال نے بتایا کہ فی الحال آگ پر پوری طرح سے قابو پا لیا گیا ہے۔ تمام مریضوں اور زخمی ملازمین کو دوسرے اسپتالوں میں بھرتی کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

دہرادون-ہریدوار روڈ پر واقع پیناسیا اسپتال میں بدھ کو اچانک بھیانک آگ لگ گئی جس سے بڑے پیمانے پر افرا تفری مچ گئی۔ حادثے میں ایک بزرگ خاتون کی موت ہو گئی، جب کہ 2 دیگر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آگ اسپتال کے ایئرکنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے لگی جس کے بعد اسپتال کے پورے احاطے میں دھواں پھیل گیا اور مریضوں نیز عملے کے درمیان خوف وہراس پھیل گیا۔
واردات کے وقت اسپتال کے آئی سی یو میں 6 مریض بھرتی تھے۔ دھواں پھیلتے ہی اسپتال کا عملہ، راحت ٹیموں اور مقامی انتظامیہ نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام مریضوں کو بحفاظت باہر نکال کر دیگر اسپتالوں میں منتقل کرایا۔ آگ اور دھوئیں کی زد میں آنے سے اسپتال کے کچھ ملازمین بھی زخمی ہوگئے اور انہیں بھی علاج کے لیے دوسرے اسپتالوں میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور راحت و بچاؤ کام شروع کیا۔ خبروں کے مطابق کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ موقع پر پہنچے ایس ایس پی پرمود ڈوال نے بھی موقعہ واردات کا معائنہ کرکے راحت اور بچاؤ کام کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ فی الحال آگ پر پوری طرح سے قابو پا لیا گیا ہے۔ تمام مریضوں اور زخمی ملازمین کو دوسرے اسپتالوں میں بھرتی کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
