اتراکھنڈ: شکست خوردہ پشکر سنگھ دھامی ہی بنیں گے وزیر اعلیٰ، بی جے پی نے لگائی مہر

مرکزی وزیر دفاع اور اتراکھنڈ کے لیے بی جے پی کے مرکزی نگراں راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پشکر سنگھ دھامی کو قانون ساز پارٹی لیڈر کی شکل میں منتخب کیا گیا ہے، میں انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

پشکر سنگھ دھامی، تصویر آئی اے این ایس
پشکر سنگھ دھامی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب کے بعد نئی حکومت کی تشکیل اور وزیر اعلیٰ کے نام پر جاری کشمکش کا اختتام ہو گیا ہے۔ بی جے پی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسمبلی انتخاب میں شکست کھانے والے پشکر سنگھ دھامی ہی ریاست کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ دہرادون میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں شامل ہونے پہنچے راجناتھ سنگھ اور میناکشی لیکھی نے پشکر سنگھ دھامی کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیے جانے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے وزیر اعلیٰ بننے پر بھی مہر لگ گئی۔

مرکزی وزیر دفاع اور اتراکھنڈ کے لیے بی جے پی کے مرکزی نگراں راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پشکر سنگھ دھامی کو قانون ساز پارٹی لیڈر کی شکل میں منتخب کیا گیا ہے۔ میں انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مجھے پورا یقین ہے کہ پشکر سنگھ دھامی کی قیادت میں اتراکھنڈ کی ترقی بہتر انداز میں ہوگی۔


واضح رہے کہ پشکر سنگھ دھامی بھلے ہی کھٹیما اسمبلی سیٹ سے انتخاب ہار گئے تھے، لیکن وہ وزیر اعلیٰ عہدے کے دور میں آگے چل رہے تھے۔ اس درمیان چوبٹاکھال کے رکن اسمبلی ستپال مہاراج، سری نگر کے رکن اسمبلی دھن سنگھ راوت اور راجیہ سبھا رکن انل بلونی بھی اس عہدے کے دعویداروں میں شامل تھے۔ یہی نہیں، اتوار کو دہلی میں بی جے پی اعلیٰ کمان کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے بھی ریاست کے وزیر اعلیٰ نام پر غور و خوض کے لیے ہوئی میٹنگ میں حصہ لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔