امت شاہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ، سمن جاری

کولکاتہ کی سٹی سیشن کورٹ نے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کو سمن جاری کرتے ہوئے عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔

امت شاہ کی فائل تصویر
امت شاہ کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

کولکاتہ: بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کے خلاف کولکاتہ کی ایک عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ عدالت نے اس معاملہ میں امت شاہ کو سمن بھی جاری کر دیا ہے اور انہیں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

مغربی بنگال کی برسراقتدار جماعت ترنمول کانگریس کی یوتھ ونگ کے رہنما، ممتا بنرجی کے بھتیجے اور ممبر پارلیمنٹ ابھشیک بنرجی کے ذریعہ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کے خلاف سٹی سیشن کورٹ میں ہتک عزت کا کیس دائر کیے جانے کے بعد سٹی سیشن کورٹ نے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کو سمن جاری کرتے ہوئے عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔

ابھیشیک بنرجی نے امیت شاہ کے خلاف سٹی سیشن کورٹ میں ہتک عزت کا کیس دائرکیا تھا اس بنیاد پر ہی عدالت نے انہیں سمن جاری کیا ہے ابھیشیک بنرجی کے وکیل سنجے باسو نے کہا کہ عدالت نے 2 ستمبر کو امیت شاہ کو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔

کولکاتہ شہر کے میورڈو پر منعقد بی جے پی یوتھ ونگ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے ابھیشیک بنرجی پر سنگین الزامات عاید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرکزی حکومت سے ملنے والے فنڈ کا غلط استعمال کیا جارہا ہے اور سنڈیکٹ کے ذریعہ یہ روپے ابھیشیک بنرجی تک پہنچ رہے ہیں ۔امیت شاہ کے بیان کے بعد ہی ابھیشیک بنرجی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے شاہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ اپنے بیان کو واپس نہیں لیا تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Aug 2018, 8:54 AM