تمل ناڈو اسمبلی انتخابات ایک ہی مرحلے میں کرانے کی تجویز زیر غور، 75 ہزار پولنگ اسٹیشن کی تیاری مکمل: چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ تمل ناڈو میں 5.67 کروڑ ووٹر ہیں اور 75 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے۔ سنگل فیز ووٹنگ کی تجویز پر فیصلہ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہوگا، ریاست بہار سے بہتر مثال قائم کرے گی

چنئی: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات ایک ہی مرحلے میں کرانے کی تجویز پر تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے اور اس بارے میں حتمی فیصلہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے وقت سامنے آئے گا۔ انہوں نے ریاست میں انتخابی فہرست کی حالیہ خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کو پورے ملک کے لیے ایک ماڈل قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تمل ناڈو آنے والے انتخابات میں بہار سے بھی بہتر مثال قائم کرے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تمل ناڈو میں اس وقت 5 کروڑ 67 لاکھ رائے دہندگان درج ہیں، جن میں 2 کروڑ 89 لاکھ خواتین اور 2 کروڑ 77 لاکھ مرد ووٹر شامل ہیں، جب کہ 7 ہزار 617 خواجہ سرا ووٹر بھی فہرست کا حصہ ہیں۔ 80 برس سے زائد عمر کے تقریباً 4 لاکھ بزرگ ووٹر ہیں اور 100 برس سے زیادہ عمر کے 2 ہزار 530 افراد بھی رجسٹرڈ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 2025 سے 23 فروری 2026 تک انتخابی فہرست کی خصوصی گہری نظر ثانی کی گئی، جس کے دوران فوت شدہ، نقل مکانی کر چکے یا ایک سے زائد حلقوں میں درج ناموں کو ضابطے کے مطابق حذف کیا گیا۔ بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر نام خارج کیے جانے کی تنقید پر انہوں نے کہا کہ اس عمل نے فہرست کو مزید صاف اور شفاف بنایا اور یہ کمیشن کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ریاست میں کل 234 اسمبلی حلقے ہیں، جن میں 188 عام زمرے، 44 درج فہرست ذات اور 2 درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص ہیں۔ اس بار تقریباً 75 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جن میں لگ بھگ 44 ہزار دیہی علاقوں میں ہوں گے۔ ہر پولنگ مرکز پر سو فیصد ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا جائے گا تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر اوسطاً 756 ووٹر ہوں گے، جس سے رائے دہی کا عمل ہموار رہے گا۔ 258 پولنگ اسٹیشن مکمل طور پر خواتین اہلکاروں کے زیر انتظام ہوں گے، 47 مراکز معذور افراد سنبھالیں گے اور تقریباً 265 ماڈل پولنگ اسٹیشن بھی قائم کیے جائیں گے۔
گیانیش کمار نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران لازمی طور پر وی وی پی اے ٹی پرچیوں کی جانچ ہوگی اور گنتی مکمل ہونے کے بعد بھی کوئی امیدوار فیس جمع کر کے سات دن کے اندر ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی کا ملان کرا سکتا ہے۔ ایک نئی پہل کے تحت پوسٹل بیلٹ کی گنتی ای وی ایم کے دو مرحلوں سے پہلے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں حالیہ انتخابات گزشتہ دہائیوں کے سب سے بے عیب انتخابات میں شمار کیے گئے اور انہیں ضلع کلکٹروں، سپرنٹنڈنٹ پولیس، نفاذی اداروں اور انتخابی مشینری نے یقین دلایا ہے کہ تمل ناڈو اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھائے گا۔ انہوں نے ریاست کی جمہوری روایت کو سراہتے ہوئے قدیم کڈاولائی نظام کا بھی حوالہ دیا، جسے انہوں نے جمہوری تاریخ کا قابل فخر باب قرار دیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ قانون کے تحت سو فیصد ووٹنگ لازمی نہیں، تاہم تمل ناڈو میں ووٹنگ کی شرح ہمیشہ حوصلہ افزا اور سیاسی شعور کی عکاس رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور تمام تیاریاں اسی مقصد کے تحت مکمل کی جا رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔