منڈکا میں 3 مزدوروں کی موت بی جے پی حکومت کی انتظامی ناکامی اور حفاظتی نظام فیل ہونے کا نتیجہ: ڈاکٹر نریش کمار
ڈاکٹر نریش نے کہا کہ مینوئل اسکیوینجنگ پر قانونی پابندی کے باوجود مزدوروں کو حفاظتی ساز و سامان، گیس کا پتہ لگانے والے نظام اور معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی) کے بغیر ٹینکوں میں اتارا جا رہا ہے۔

منڈکا انڈسٹریل ایریا کے ایک پرائیویٹ فیکٹری میں سپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے 3 مزدوروں ارون، سندیپ اور چاند کی موت پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اس دردناک واقعہ کے لیے بی جے پی حکومت، محکمہ محنت اور فیکٹری انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ حادثہ صرف سنگین لاپروائی کا نتیجہ ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ مینوئل اسکیوینجنگ پر قانونی پابندی کے باوجود مزدوروں کو حفاظتی ساز و سامان، گیس کا پتہ لگانے والے نظام اور معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی) کے بغیر ٹینکوں میں اتارا جا رہا ہے۔ یہ براہ راست حفاظتی آڈٹ، نگرانی اور نفاذ کے نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منڈکا، بوانا اور نریلا جیسے صنعتی علاقوں میں پرائیویٹ فیکٹریوں کے حفاظتی انتظامات مکمل طور پر خدا بھروسے ہیں۔ بار بار حادثات پیش آنے کے باوجود حکومت کوئی مؤثر حفاظتی ضابطۂ عمل تیار کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اس حادثہ پر اپنی فکر ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر نریش کمار نے مطالبہ کیا کہ پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں اور قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تمام صنعتی علاقوں کی فیکٹریوں کا فوری طور پر حفاظتی آڈٹ کرایا جائے، ہر متوفی مزدور کے خاندان کو ایک کروڑ روپے معاوضہ اور خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے، اور دہلی حکومت صنعتی علاقوں کے لیے ایک مضبوط حفاظتی نگرانی کا نظام نافذ کرے۔ ڈاکٹر نریش کمار نے خبردار کیا کہ اگر متاثرہ خاندانوں کو انصاف نہیں ملا اور فیکٹریوں میں حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد یقینی نہیں بنایا گیا تو کانگریس پارٹی مزدوروں کے حقوق کے لیے سڑک سے لے کر ایوان تک جدوجہد کرے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
