دہلی: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رام سوروپ شرما کی پُر اسرار موت، پھندے سے لٹکی ملی لاش

دہلی پولیس کے مطابق صبح تقریباً 8.30 بجے اطلاع موصول ہوئی کہ آر ایم ایل اسپتال کے نزدیک واقعہ گومتی اپارٹمنٹ (ایم پی فلیٹ) میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رام سوروپ شرما نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی ہے

رکن پارلیمنٹ رام سوروپ شرما / تصویر آئی اے این ایس
رکن پارلیمنٹ رام سوروپ شرما / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہماچل پردیش کے منڈی سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رام سوروپ شرما کی پر اسرار حالات میں موت واقع ہو گئی ہے۔ وہ 62 سال کے تھے۔ اطلاعات کے مطابق رام سوروپ شرما کی لاش بدھ کی صبح ان کی رہائش میں پھنڈے سے لٹکی ہوئی حالت میں برآمد ہوئی۔ ابتدائی طور پر اسے خود کشی کا معاملہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے خود کشی کیوں کی اس کا انکشاف فی الحال نہیں ہو پایا ہے۔

رکن پارلیمنٹ آر ایم ایل اسپتال کے نزیک واقع فلیٹ میں رہائش پذیر تھے۔ دہلی پولیس کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 8.30 بجے انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ آر ایم ایل اسپتال کے نزدیک واقع گومتی اپارٹمنٹ (ایم پی فلیٹ) میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رام سوروپ شرما نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی ہے۔


پولیس نے مزید کہا کہ جس وقت پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو رام سوروپ شرما کی لاش پھنڈے سے لٹکی ہوئی تھی۔ پولیس موت کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لئے تفتیش میں مصروف ہو گئی ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رام سوروپ شرما کے انتقال کی وجہ سے بی جے پی نے اپنے آج کے مجوزہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کو منسوخ کر دیا ہے۔

دریں اثنا، شیوسینا کے ممبر پارلیمنٹ ونائک راؤت نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رام سوروپ شرما کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے لوک سبھا میں التوا کا نوٹس پیش کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے تین روز قبل ٹیکہ کاری کرائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Mar 2021, 11:13 AM
/* */