دارالعلوم دیوبند نے سی ایم یوگی کو لکھا خط، ایک عمارت میں آئسولیشن وارڈ بنانے کی پیشکش

دارالعلوم دیوبند، سہارنپور کے مہتمم نے خط کی کاپی سہارنپور کے ڈی ایم، سی ایم او اور اے ڈی ایم (ایف) کے ساتھ ساتھ دیوبند کے ایس ڈی ایم کو بھی ارسال کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات اور اس وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے لگاتار ہو رہی اموات کے پیش نظر کئی سماجی و ملی تنظیمیں مدد کے لیے سامنے آئی ہیں۔ دارالعلوم دیوبند نے بھی ملک میں پیدا مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے یوگی حکومت کو خط لکھ کر مدد کے لیے ہاتھ آگے بڑھایا ہے۔دارالعلوم دیوبند (سہارنپور، یو پی) کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ادارہ اپنی ایک عمارت کو آئسولیشن وارڈ بنانے کی پیشکش کرتا ہے۔

مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے یوگی آدتیہ ناتھ کے نام ہندی میں تحریر کردہ خط میں لکھا ہے کہ "کورونا وائرس (کووڈ-19) کے قہر کو روکنے کی کوششوں میں ہم ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس سلسلے میں ادارہ نے فیصلہ لیا ہے کہ مشکل حالات کے وقت دارالعلوم دیوبند کی جی ٹی روڈ کے قریب واقع عمارت (دارالقرآن) کو مریضوں کے علاج کے لیے آئسولیشن وارڈ کی شکل میں استعمال کیا جا سکے۔" وہ مزید لکھتے ہیں کہ "اگر مشکل حالات میں انتظامیہ ضرورت کے مطابق دارالعلوم دیوبند سے رابطہ کر اس بلڈنگ کو آئسولیشن وارڈ میں تبدیل کر کے استعمال کرنا چاہے تو ادارہ اس خدمت کے لیے تیار ہے۔"


دارالعلوم دیوبند نے سی ایم یوگی کو لکھا خط، ایک عمارت میں آئسولیشن وارڈ بنانے کی پیشکش

دارالعلوم دیوبند، سہارنپور کے مہتمم نے اس خط کی کاپی سہارنپور کے ڈی ایم، سی ایم او اور اے ڈی ایم (ایف) کے ساتھ ساتھ دیوبند کے ایس ڈی ایم کو بھی ارسال کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سہارنپور واقع معروف اسلامی ادارہ دارالعلوم دیوبند نے جس عمارت میں آئسولیشن وارڈ بنانے کی پیشکش کی ہے، وہاں کے ہاسٹل میں تقریباً 100 کمرے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔