درگاہ نظام الدین زیارت کے لئے کھولی گئی، مختار عباس نقوی نے کی زیارت
ملک کے تمام مذہبی اورسماجی اداروں نے کورونا کے دورمیں اعتدال پسندی، احتیاط اور نظم و ضبط کی بہترین مثال پیش کی ہے جس کے سبب اتنے بڑے ملک میں کورونا کو کنٹرول کیا جاسکا۔

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ کی زیارت کر کے اتوار کو اہل وطن کے لئے صحت اور سلامتی کی دعامانگی ۔ مسٹر نقوی نے کہاکہ انہوں نے مقدس حضرت نظام الدین درگاہ کی زیارت کی اور ملک کے لوگوں کی صحت وسلامتی کی دعامانگی۔ انہوں نے کہا کہ عظیم صوفی سنت حضرت نظام الدین کے انسانیت، ہم آہنگی، اتحاد کا سبق، پیغام مذہب، علاقہ اور ملک کی سرحدوں سے اوپر ہے۔ تمام انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے ان کی تعلیمات کو ہمیں مکمل ایمانداری سے آگے برًھانا چاہئے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک کے تمام مذہبی، سماجی اداروں اور مقامات نے کورونا کے دورمیں اعتدال پسندی، احتیاط اور نظم و ضبط کی بہترین مثال پیش کی ہے جس کے سبب اتنے بڑے ملک میں کورونا کو کنٹرول کیا جاسکا۔ ہندستان ایسا ملک ہے جہاں دنیا کے تقریباً تمام مذاہب کے عقیدت مند رہتے ہیں۔ کورونا کے دور میں تمام مذاہب کے تہوار آئے لیکن ملک کے لوگوں کی اعتدال پسندی، احتیاط، حساسیت کے عزم کا نتیجہ ہے کہ تمام نے رہنما ہدایات پر عمل بھی کیا اور کورونا انفیکشن کو روکنے میں ساتھ دیا۔
خیال رہے کہ کورونا وبا کے سبب تقریباً چھ مہینہ سے عام لوگوں کی زیارت کے لئے بند نظام الدین درگاہ کو آج کھولا گیا ہے۔ کورونا کے خطرات کے پیش نظر درگاہ آنے والوں کے لئے تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔