درگاہ اجمیر شریف: تاریخ میں پہلی بار افغان صدر نے پیش کی چادر

درگاہ اجمیر شریف کے موجودہ گدی نشین حاجی سید سلمان چشتی نے کہا کہ افغانستان کے کسی صدر اور کسی بھی جنوب ایشیائی ملک کی جانب سے موصول ہونے والی یہ پہلی پاک چادر مبارک ہے۔

افغانستان کے صدر کی جانب سے درگاہ اجمیر شریف کے لیے بھیجی گئی چادر / آئی اے این ایس
افغانستان کے صدر کی جانب سے درگاہ اجمیر شریف کے لیے بھیجی گئی چادر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی / اجمیر: درگاہ اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتیؒ کا 809واں سالانہ عرس مبارک تزک و احتشام کے ساتھ جاری ہے اور عام لوگوں کے ساتھ ملک و بیرون کی اہم شخصیات کی جانب سے یہاں کے لیے چادر روانہ کی جا رہی ہے۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی خواجہ غریب نواز کے آساتانہ کے لیے چادر روانہ کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق درگاہ اجمیر شریف کے موجودہ گدی نشین اور حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ (1142 - 1236) کی 27 ویں نسل سے تعلق رکھنے والے حاجی سید سلمان چشتی نے کہا، ’’افغانستان کے کسی صدر اور کسی بھی جنوب ایشیائی ملک کی جانب سے موصول ہونے والی یہ پہلی پاک چادر مبارک ہے۔‘‘


انہوں نے کہا، ’’صدر اشرف غنی نے پیغام ارسال کیا ہے کہ خواجہ غریب نوازؒ کی تعلیم دنیا بھر میں سنی اور سمجھی جائے۔‘‘ نیز صدر اشرف غنی نے کہا، ’’اسلامی جمہوریہ افغانستان اور افغان عوام کی جانب سے ہندوستان میں اجمیر شریف کے خواجہ معین الدین چشتیؒ کے تئیں عزت اور عقیدت کے ایک مودبانہ پیغام کے ساتھ 809ویں سالانہ عرس مبارک میں پاک غلاف مبارک بھیجا ہے۔‘‘

سید سلمان چشتی نے مزید کہا، ’’یہ ہندوستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہے اور افغانستان میں موجود انتہا پسندوں کے لیے ایک سخت پیغام بھی ہے، جنہوں نے کئی صوفیائے کرام کے آستانوں اور اتحاد کے مراکز کو تباہ کر دیا ہے۔‘‘ خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی درگاہ اجمیر شریف کے لیے چادر پیش کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔