راہل گاندھی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرنے والی آر ایس ایس-بی جے پی کو دلت سماج جواب دے گا: راجندر پال گوتم

راجندر پال گوتم نے کہا کہ راہل گاندھی نے ’شدھی کرن‘ جیسی شرمناک حرکت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، لیکن حیرت ہے کہ پولیس نے بی جے پی کے اشارے پر راہل گاندھی کے خلاف ہی ایف آئی آر کر دی۔

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر راجندر پال گوتم (ویڈیو گریب)</p></div>
i

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے خلاف اتراکھنڈ میں ایف آئی آر درج کیے جانے سے کانگریس لیڈران میں سخت ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ راہل گاندھی نے ہلدوانی میں ’شدھی کرن‘ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، لیکن اب ان کے خلاف ہی ایف آئی آر درج ہونے سے سبھی حیران ہیں۔ اس معاملہ میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور کانگریس درج فہرست شعبہ کے چیئرمین ایڈووکیٹ راجندر پال گوتم نے بھی اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

کانگریس نے ایڈووکیٹ راجندر پال گوتم کا ایک ویڈیو پیغام اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کیا ہے، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’’ملک میں بی جے پی-آر ایس ایس کے لوگ تفریق اور چھوا چھوت بڑھانے کا کام کر رہے ہیں۔ اگر کوئی چھوا چھوت کے خلاف آواز اٹھاتا ہے اور انصاف کا مطالبہ کرتا ہے تو اسی کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی جاتی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں جہاں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جلسہ کیا تھا، بی جے پی کے لوگوں نے اسی جگہ کا ’شدھی کرن‘ کیا۔ راہل گاندھی نے ایسی شرمناک حرکت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ لیکن حیرانی کی بات ہے کہ ’شدھی کرن‘ کرنے والوں کی جگہ اتراکھنڈ کی پولیس نے بی جے پی کے اشارے پر راہل گاندھی کے اوپر ہی ایف آئی آر درج کر دی۔‘‘


اس ویڈیو میں ایڈووکیٹ راجندر پال گوتم نے بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف اپنی سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہلدوانی میں شدھی کرن معاملہ میں ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی ہے، جس میں قصورواروں پر کارروائی نہ کرنے کے لیے پولیس افسران کے خلاف بھی کیس بنتا ہے۔ اتراکھنڈ میں راہل گاندھی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرنے کی سازش کرنے والی آر ایس ایس-بی جے پی حکومت کو پورا دلت سماج جواب دے گا۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ہم ڈرنے والے نہیں، لڑنے والے لوگ ہیں، اور ہم لڑ کر انصاف لیں گے۔‘‘

راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کیے جانے کے بعد اتراکھنڈ کے ساتھ ساتھ دیگر ریاستوں میں بھی کانگریس لیڈران کا غصہ سڑکوں پر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور پولیس میں شکایت بھی درج کرائی جا رہی ہے۔ اتراکھنڈ کانگریس صدر گنیش گودیال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’جس تھانہ میں راہل گاندھی پر ایف آئی آر کی گئی ہے، اسی تھانے میں اسی ایشو پر 18 (اگست) تاریخ سے ایک درخواست زیر التوا ہے، لیکن اس کے اوپر ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی ہے۔ ہم ان کے خلاف جمہوری اور قانونی دونوں طریقے سے لڑیں گے اور سزا دلوائیں گے۔‘‘ گنیش گودیال نے کانگریس کارکنان کے ساتھ آج تھانہ میں ایک تحریری شکایت بھی دی جس میں ’شدھی کرن‘ کرنے والے بی جے پی-آر ایس ایس کارکنان پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


اتراکھنڈ کے سی ایل پی لیڈر یشپال آریہ نے بھی کانگریس کارکنان کے ساتھ مقامی تھانہ میں تحریری شکایت دی ہے۔ ان کا مطالبہ بھی ’شدھی کرن‘ کرنے والے بی جے پی-آر ایس ایس کارکنان پر مقدمہ درج کرنے سے متعلق ہے۔ اس کی کچھ تصویریں کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہیں، ساتھ میں لکھا ہے کہ ’’ہلدوانی میں کانگریس صدر کھڑگے کی ریلی کے بعد اسٹیج کا ’شدھی کرن‘ کروانا بی جے پی-آر ایس ایس کی دلت مخالف ذہنیت کا ثبوت ہے۔ حد یہ ہے کہ اس معاملے میں قصورواروں کے خلاف ایف آئی آر کرنے کی جگہ اتراکھنڈ پولیس بی جے پی کے اشارے پر راہل گاندھی پر ہی ایف آئی آر کر رہی ہے۔ یہ سراسر منمانی ہے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔