یوپی میں روزانہ آکسیجن کی فراہمی بہتر ہو رہی ہے: یوگی

سی ایم یوگی نے کہا کہ ریاست میں آکسیجن کی فراہمی روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ اس کام میں 64 ٹینکروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 20 ٹینکر براہ راست مختلف اضلاع کے اسپتالوں میں سپلائی کر رہے ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر یو این آئی
یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش میں آکسیجن کی فراہمی روزانہ بہتر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ تمام اضلاع کے ہر چھوٹے بڑے اسپتال کی نگرانی کی جانی چاہیے۔ جسے بھی ضرورت ہوگی آکسیجن ضرور مہیا کی جائے۔ سی ایم یوگی نے منگل کو ٹیم 11 کی میٹنگ میں کہا کہ تمام ضلع مجسٹریٹ اپنے ضلع میں سیکٹر نظام کو نافذ کریں۔ سیکٹر وار سیکٹر مجسٹریٹ مقرر کیا جائے۔ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہر ضرورت مند مریض کو بستر مل جائے۔ آکسیجن کی فراہمی یقینی بنائیں، وینٹی لیٹروں یا زندگی بچانے والی دوائیاں مہیا کرائی جانا یقینی بنائیں۔ بیڈ الاٹمنٹ اور ڈسچارج پالیسی کو مؤثر طریقے سے نافذ کریں۔ اگر کسی ضلع میں مینڈیٹ کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو متعلقہ ضلع مجسٹریٹ اور سی ایم او کی جوابدہی کا تعین کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں آکسیجن کی فراہمی روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ ٹینکروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس کام میں 64 ٹینکروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 20 ٹینکر براہ راست مختلف اضلاع کے اسپتالوں میں سپلائی کررہے ہیں۔ آٹھ نئے ٹینکر بھی مرکزی حکومت کی جانب سے مل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جمشید پور سے آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے۔ آکسیجن کے تمام ٹینکروں کو جی پی ایس سے آراستہ کیا جانا چاہیے۔ ان پر براہ راست نگرانی کی جانی چاہیے۔ آکسیجن آڈٹ کا کام تیز رفتاری سے ہونا چاہیے۔


وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست کے مختلف طبی اداروں میں پہلے ہی 32 آکسیجن پلانٹ نصب ہیں۔ اب مزید 39 اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس لگانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ مسلسل کوششوں کی وجہ سے لکھنؤ، کانپور، بریلی، وارانسی، گورکھپور علاقوں میں آکسیجن کی طلب اور رسد اور تقسیم کے مابین ایک توازن موجود ہے۔ اس میں مزید بہتری لانی چاہیے۔ آگرہ، متھرا اور علی گڑھ علاقوں میں موثر انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سمت فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔

سی ایم یوگی نے بتایا کہ ریاست میں آکسیجن پلانٹ لگانے کے لئے نجی شعبے سے 54 تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ ان تجاویز کی جانچ کرکے ان کو ہر قسم کی مدد فراہم کی جانی چاہیے۔ ہر میڈیکل کالج میں مائع آکسیجن پلانٹ اور ائیرسیپریٹر پلانٹ کے قیام کے لئے کارروائی کی جانی چاہیے۔ 100 سے زیادہ بستروں کی گنجائش والے تمام اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس لگانے کے لئے ایکشن پلان تیار کریں۔ سی ایچ سی پر چھوٹے آکسیجن جنریشن پلانٹ لگائے جائیں۔


ای ایم یوگی نے کہا کہ اتر پردیش میں ویکسینیشن مہم تیزی سے جاری ہے۔ اترپردیش سب سے زیادہ ٹیکے لگانے والی ریاست بن گئی ہے۔ ریاست میں اب تک 11945728 ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دیسی ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مستقل رابطہ قائم رکھا جائے۔ 50-50 لاکھ خوراکوں کے آرڈر مزید دیئے گئے ہیں۔ ضرورت کے مطابق مزید آرڈر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اتر پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آج 32993 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جبکہ اسی عرصے میں 30398 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ واضح طور پر انفیکشن کی شرحوں میں کمی واقع ہو رہی ہے اور صحتیاب ہونے کی شرحیں بہتر ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔