تکنیکی خامی کے سبب ’سی یو ای ٹی-یو جی‘ امتحان میں ہوئی تاخیر، این ٹی اے کو مانگنی پڑی معافی
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے بتایا کہ اس کے امتحان شراکت دار ٹی سی ایس نے اس تکنیکی مسئلے کی اطلاع دی تھی۔ ایجنسی کے مطابق اب اس خرابی کو دور کر لیا گیا ہے اور امیدواروں کو مکمل اضافی وقت دیا جائے گا۔
’سی یو ای ٹی-یو جی‘ امتحان میں تکنیکی خامی نے طلبا کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ 30 مئی یعنی آج منعقد ہونے والے ’کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ 2026‘ کے دوران بعض امتحان مراکز میں تکنیکی خرابی پیش آئی، جس کی وجہ سے امتحان تاخیر سے شروع ہوا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے اس تعلق سے بتایا کہ اس کے امتحان شراکت دار ٹی سی ایس نے اس تکنیکی مسئلے کی اطلاع دی تھی۔ ایجنسی کے مطابق اب اس خرابی کو دور کر لیا گیا ہے اور امیدواروں کو مکمل اضافی وقت دیا جائے گا تاکہ کسی بھی طالب علم کو نقصان نہ پہنچے۔
این ٹی اے کے مطابق دوپہر کے سیشن میں امتحان دینے والے امیدواروں کو دوپہر 2.30 بجے سے داخلے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ امتحان پہلے سے مقررہ وقت 3 بجے کے بجائے شام 4 بجے شروع ہوگا۔ این ٹی اے نے مزید کہا کہ صبح کے سیشن میں امتحان دینے والے طلبا کو بھی امتحان کے لیے پورا وقت دیا جا رہا ہے اور انہیں مکمل پرچہ حل کرنے کے بعد ہی امتحان مرکز سے باہر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ این ٹی اے نے تکنیکی خامی کے سبب طلبا اور ان کے سرپرستوں کو ہوئی پریشانی کے لیے معافی بھی مانگی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سی یو ای ٹی-یو جی کی پہلی شفٹ کے دوران مختلف ریاستوں کے بعض امتحان مراکز میں تکنیکی خرابی کے باعث مبینہ طور پر 2 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر ہوئی۔ امتحان صبح 9 بجے شروع ہونا تھا، لیکن یہ مقررہ وقت کے بعد شروع ہوا۔ اس دوران امتحان مراکز کے باہر انتظار کرنے والے طلبا کے والدین اور سرپرستوں نے سوشل میڈیا پر اپنی شکایات بھی شیئر کیں۔
اس سال ’سی یو ای ٹی-یو جی‘ امتحان 11 مئی 2026 سے شروع ہوا تھا اور 31 مئی تک جاری رہنا تھا، لیکن 28 مئی کو عیدالاضحیٰ (بقرعید) کے باعث امتحان کا شیڈول آگے بڑھا دیا گیا۔ اب امتحانات 31 مئی، 6 جون اور 7 جون کو بھی منعقد ہوں گے۔ این ٹی اے کے مطابق اس سال سی یو ای ٹی-یو جی امتحان کے لیے مجموعی طور پر 15,68,866 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
