منی پور میں پہلی بار تعینات ہوگی سی آر پی ایف کی ’کوبرا‘ یونٹ، مرکزی حکومت کا بڑا فیصلہ

کوبرا بٹالین بنیادی طور پر نکسل متاثرہ ریاستوں چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، مہاراشٹر اور بہار میں تعینات رہی ہے۔ منی پور میں اس کی تعیناتی کو سیکورٹی نظام کو مضبوط کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>منی پور کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

منی پور میں جاری کشیدگی اور سیکورٹی چیلنجز کے درمیان مرکزی حکومت نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ریاست میں سی آر پی ایف کی خصوصی ’کوبرا‘ بٹالین کی 2 یونٹ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ مئی 2023 میں تشدد شروع ہونے کے بعد پہلی بار کوبرا بٹالین کو منی پور بھیجا جا رہا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق ایک بٹالین آسام اور دوسری مغربی بنگال سے منی پور بھیجی جائے گی۔ سی آر پی ایف کی تجویز پر غور و خوض کرنے کے بعد وزارت داخلہ نے اس تعیناتی کو منظوری دی ہے۔

منی پور کے دور دراز اور گھنے جنگل والے علاقوں میں سیکورٹی مہم چلانے کے لیے کوبرا بٹالین کی خاص ٹریننگ کافی مددگار ثابت ہوگی۔ کوبرا یعنی ’کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن‘ 2008 میں تشکیل دی گئی تھی۔ یہ سی آر پی ایف کی ایک خصوصی کمانڈو یونٹ ہے، جسے جنگل کی جنگ، گوریلا آپریشن، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی اور دور دراز علاقوں میں مہم چلانے کی تربیت دی جاتی ہے۔


افسران کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس تجویز کے مطاق ریاست میں آپریشن کے لیے کوبرا کی 207ویں یونٹ (مغربی بنگال سے) اور 210ویں یونٹ (آسام سے) تعینات کی جائیں گی۔ امید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں یہ دونوں یونٹ منی پور پہنچ جائیں گی۔ یہاں وہ تشدد میں شامل مسلح گروہوں کے خلاف ہدف پر مبنی مہم چلائیں گی۔

واضح رہے کہ سی آر پی ایف کی طرف سے تشکیل شدہ کوبرا کو کئی ریاستوں میں بائیں بازو کی انتہا پسندی اور شمال مشرق کے کچھ حصوں میں جاری بغاوت سے نمٹنے کا کام سونپا گیا تھا۔ اس فورس میں فی الحال 10 بٹالین ہیں، جنہیں بنیادی طور پر نکسل مخالف آپریشن میں تعینات کیا جاتا ہے۔ ہر بٹالین میں تقریباً ایک ہزار جوان شامل ہوتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اب تک کوبرا بٹالین بنیادی طور پر نکسل متاثرہ ریاستوں جیسے چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، مہاراشٹر اور بہار میں تعینات رہی ہے۔ منی پور میں اس کی تعیناتی کو سیکورٹی نظام کو مضبوط کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔