علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو ایک اور ٹسٹنگ مشین،روزانہ دو سوٹسٹ ہوں گے

وائس چانسلر نے حکومت اترپردیش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس سے کووِڈ-19 کے خلاف ہماری جنگ میں مدد ملے گی۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

عمران خان

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) میں آج ایک نئی آرٹی- پی سی آر ٹسٹنگ مشین کی تنصیب کے ساتھ اب ہر دن کورونا وائرس (کووِڈ-19) کے دو سو سے زائد نمونوں کی جانچ کی جاسکے گی۔

اے ایم یو کا جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال مغربی اترپردیش کے سرفہرست میڈیکل کالجوں میں سے ایک ہے۔ پندرہ لاکھ روپئے قیمت والی یہ مشین حکومت اترپردیش نے فراہم کی ہے جس سے کووِڈ-19 کی جانچ میں تیزی آئے گی۔


اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس سلسلہ میں کہاکہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کووِڈ-19 کی جانچ کے لئے حکومت کے تسلیم شدہ مراکز میں سے ایک ہے۔ انھوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ بشمول کمشنر، ضلع مجسٹریٹ، چیف ڈیولپمنٹ آفیسراور چیف میڈیکل آفیسر کی مشترکہ کاوشوں سے جے این ایم سی کو یہ نئی مشین حاصل ہوئی ہے۔ وائس چانسلر نے حکومت اترپردیش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس سے کووِڈ-19 کے خلاف ہماری جنگ میں مدد ملے گی۔ انھوں نے مزید کہاکہ اے ایم یو اور اس کے ذیلی ادارے، کووِڈ-19 کی روک تھام کے لئے روزِ اوّل سے حکومت کی کاوشوں میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنا مثبت کردار نبھارہے ہیں۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال کے پرنسپل پروفیسر شاہد صدیقی نے کہاکہ نئی مشین ملنے سے اب ہم روزانہ 200 سے زائد نمونوں کی جانچ کرسکیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جے این ایم سی ایچ میں اب تک تین ہزار سے زائد نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔نئی مشین ملنے سے اب نمونوں کی جانچ کی ہماری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور کووِڈ-19 کے خلاف ہماری کاوشوں میں تیزی آئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔