کورونا کی تشویش ناک صورت حال، پنجاب میں رات کا کرفیو اور ماسک نہ لگانے پر 1000 کا جرمانہ

دہلی میں کورونا کی تشویش ناک صورت حال کے پیش نظر پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے بدھ کے روز ریاست میں نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا، تمام شہروں اور قصبوں میں پھر سے شبینہ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے

امریندر سنگھ/ یو این آئی
امریندر سنگھ/ یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

دہلی اور این ایس آر میں کورونا کی تشویش ناک صورت حال کے پیش نظر پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر نے بدھ کے روز نئی پابندیوں کو اعلان کر دیا۔ اس کے تحت پنجاب کے تمام شہروں اور قصبوں میں رات کا کرفیو نافذ رہے گا، جبکہ یکم دسمبر سے ماسک نہ پہننے یا سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں عائد ہونے والے جرمانہ کو دوگنا کر دیا گیا ہے۔

پنجاب کے تمام ہوٹل، ریستوران اور شادی ہال رات 9.30 تک بند ہو جائیں گے اور رات کے 10 بجے سے صبح کے 5 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ کورونا کے اصول و ضوابط پر عمل نہ کرنے پر 500 روپے کی جگہ ایک ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ رات کے کرفیوں کے حوالہ سے 15 دسمبر کو جائزہ لیا جائے گا۔


پنجاب میں دہلی کے مریضوں کی آمد کے پیش نظر ریاست کے نجی اسپتالوں میں بستروں کی دستیابی کا جائزہ لینے اور ضروری اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ونی مہاجن کو متعلقہ محکموں کے ساتھ کام کرنے کے لئے کہا گیا ہے تاکہ کورونا کے تعلق سے نجی اسپتالوں سے مدد لی جا سکے۔

آکسیجن اور آئی سی یو بیڈ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے ایل دوم اور ایل سوم کو مضبوط کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔ علاوہ ازیں ان تمام اضلاع کی نگہداشت کرنے کی بھی ہدایت دی ہے جہاں ایل سوم کی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔


وزیر اعلی نے صحت اور طبی تعلیم کے محکموں کو ماہرین، اعلیٰ درجے کے ماہرین، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہنگامی تقرریاں بھی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے تحت 249 ماہرین ڈاکٹروں اور 407 طبی افسران کی تقرری عمل میں آئے گی۔ محکموں سے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں ضروری ہونے پر چوتھے اور پانچویں سال کے ایم بی بی ایس طلبا کی خدمات طلب کی جائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔