کورونا کی وبا سے دہلی کا برا حال، 24 گھنٹوں میں 17 ہزار سے زیادہ نئے کیسز

گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی میں کورونا کے 17335 نئے معاملے درج ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی راجدھانی میں انفیکشن کی شرح اب ساڑھے 17 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس کی رفتار اب بے قابو نظر آنے لگی ہے اور ہر دن کے ساتھ کورونا کیسز کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی میں کورونا کے 17335 نئے معاملے درج ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی راجدھانی میں انفیکشن کی شرح اب ساڑھے 17 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔

اس دوران 9 مریضوں کی موت بھی ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی دہلی میں کورونا انفیکشن سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 25136 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 8951 مریض شفایاب ہو کر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں۔ دوسری جانب کورونا کے انفیکشن کی شرح 17.73 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔


دہلی میں فعال کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 39873 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ دہلی کے مختلف کووڈ اسپتالوں میں اس وقت کل 1390 مریض داخل ہیں۔ ان میں سے کل 154 مریض دہلی سے باہر ہیں اور 1159 مریض ریاست دہلی سے ہیں۔ اس کے علاوہ 996 مریض آکسیجن سپورٹ کے بغیر ہیں، جب کہ 286 مریض آکسیجن سپورٹ پر ہیں اور 31 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

دہلی میں کل 20695 مریض گھروں میں قرنطینہ میں اپنا علاج کروا رہے ہیں۔ تاہم اب دہلی میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 15,06,798 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 14,41,789 مریض شفایاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

جوں جوں دہلی میں کیسز بڑھ رہے ہیں، کنٹینمنٹ زون کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ موجودہ وقت میں کل 6912 کنٹینمنٹ زونز ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔