کانگریس کے اقتدار میں آتے ہی ملازمین کی پرانی پنشن بحال کرے گی: پرتیبھا سنگھ

پرتیبھا سنگھ نے کہا ہے کہ وزیراعلی جے رام ٹھاکر ملازمین کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مطالبات کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام رہے ہیں۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

شملہ: ہماچل پردیش کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ پرتیبھا سنگھ نے کہا ہے کہ کانگریس کے اقتدار میں آتے ہی دس دنوں کے اندر ملازمین کی پرانی پنشن بحال کر دی جائے گی۔ پرتیبھا سنگھ نے کہا ہے کہ وزیراعلی جے رام ٹھاکر ملازمین کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مطالبات کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام رہے ہیں۔ ایک طرف وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مرکز کی مدد سے ملازمین کی پرانی پنشن کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے تو دوسری طرف اسے ناممکن بتا رہے ہیں۔

جے رام ٹھاکر پر تنقید کرتے ہوئے پرتیبھا سنگھ نے کہا کہ وہ انتخابات کے وقت عوام کو گمراہ کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے دور میں نہ تو نوجوانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے دیکھا اور نہ ہی ملازمین کے مطالبات پر کبھی غور کیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، حکومت کی جانب سے کسی طبقے کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔


انہوں نے عہدیداروں اور ملازمین کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے پر بی جے پی قائدین کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین انتخابات میں اپنی شکست کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ بی جے پی حکومت کے فضول خرچی نے ریاست کی معیشت کو برباد کرکے رکھ دیا ہے اور ریاست کو 70 ہزار کے قرض میں ڈبو دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اپنے دوروں کے دوران بجٹ میں بغیر کسی بندوبست کے اعلانات کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ جلد ہی ماڈل ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہونے والا ہے اس لیے وزیر اعلیٰ کے یہ تمام اعلانات محض ایک جملہ ثابت ہوں گے۔ ریاست میں ڈبل انجن والی حکومت کا دعویٰ کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے دونوں انجن فیل ہو گئے ہیں۔ ریاست کو آج تک مرکز سے ایسی کوئی مدد نہیں ملی ہے جس سے ریاست کے بڑھتے ہوئے قرض سے کوئی راحت ملتی ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔