یوتھ کانگریس کے نڈر کارکنوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے کانگریس: پرینکا گاندھی

یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب کی گرفتاری پر پرینکا گاندھی نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے اسے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پرامن احتجاج جائز ہے

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پولیس کی جانب سے انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب کی گرفتاری پر کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے اس کارروائی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی یوتھ کانگریس کے نڈر کارکنوں کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑی ہے۔

پرینکا گاندھی واڈرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سچ کے لیے پُرامن اور عدم تشدد پر مبنی احتجاج ہماری عظیم روایت کا حصہ ہے، جو ہمیں مہاتما گاندھی اور کروڑوں ہندوستانی بزرگوں سے وراثت میں ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی دباؤ میں جھک کر ہندوستان کے مفادات سے سمجھوتہ کرنے والی حکومت کے خلاف آواز اٹھانا ملک کے 140 کروڑ عوام کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو اٹھانے پر یوتھ کانگریس کے کارکنوں کے خلاف کارروائی انتہائی قابل اعتراض اور شرمناک ہے۔


ادے بھانو چِب کی گرفتاری کے معاملے پر کانگریس کے دیگر سینئر رہنماؤں نے بھی ناراضی ظاہر کی ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر کے سی وینوگوپال نے کہا کہ جو لوگ عوام، کسانوں اور عام شہریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، حکومت ان کی بات سننے کے بجائے انہیں دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلاف رائے کو جگہ ملنی چاہیے۔

کانگریس کے رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کی مخالفت کرنا جرم ہے تو کانگریس کا ہر کارکن یہ جرم بار بار کرے گا۔ ان کے مطابق اختلاف جمہوریت کا بنیادی جز ہے اور اسے دبانا آئینی اقدار کے خلاف ہے۔

ادے بھانو چِب کی والدہ رجنی بالا نے آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے احتجاج کو سازش قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک میں احتجاج کب سے سازش بن گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین ہر شہری کو یہ حق دیتا ہے کہ اگر حکومت کوئی غلط قدم اٹھائے تو اس کے خلاف آواز بلند کی جائے۔

رجنی بالا نے مزید کہا کہ کانگریس کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے اور پارٹی کے کئی رہنما برسوں جیل میں رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں ماضی میں بھی متعدد احتجاج ہوئے، لیکن اس طرح کی کارروائیاں نہیں کی گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔