کورونا انفیکشن سے خواجہ معین الدین چشتی درگاہ کے ٹرسٹی بدرالدین شیخ کا انتقال

بدرالدین شیخ گجرات کانگریس کے سینئر لیڈر اور احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر بھی تھے۔ کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے ان کا اتوارکی شب انتقال ہو گیا۔

بدرالدین شیخ
بدرالدین شیخ
user

یو این آئی

احمد آباد: گجرات میں کانگریس کے سینئر لیڈر، پارٹی کے سابق ریاستی ترجمان اور احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے كارپوریٹر بدرالدین شیخ کا کورونا وائرس انفیکشن سے گزشتہ رات انتقال ہو گیا۔ وہ 68 سال کے تھے۔ وہ اجمیر کی خواجہ معین الدین چشتی درگاہ کی نگرانی کرنےو الی سرکاری کمیٹی کے بھی ٹرسٹی تھے۔ پارٹی کے ترجمان منیش دوشی نے آج یو این آئی کو بتایا کہ بهرام پور علاقے کے کانگریسی كارپوریٹر بدرالدین شیخ دو ہفتے سے زیادہ وقت سے یہاں ایس بی پی اسپتال میں داخل تھے اور کافی عرصے سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ گزشتہ شب انہوں نے آخری سانس لی۔ وہ ذیابیطس کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔ ان کی اہلیہ بھی کورونا سے متاثر پائی گئی تھیں اور وہ اب بھی اسپتال میں ہیں۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر احمد آباد کے پرانے علاقوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کے دوران وہ بھی متاثر ہو گئے تھے۔ ان کی اہلیہ قرنطینہ مرکز میں ہے۔ ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ 13 ستمبر 1954 کو پیدا ہوئے بدرالدین شیخ ستر کی دہائی میں گجرات یونیورسٹی کے سینٹ رکن رہے تھے۔ وہ 1985 سے 1990 تک گجرات یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری رہے تھے۔ 2000 سے 2003 تک وہ یہاں میونسپل کارپوریشن کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اور 2010 میں حزب اختلاف کے لیڈر بھی رہے تھے۔ وہ ریاستی کانگریس کے ترجمان بھی رہے تھے۔


بدرالدین شیخ کے انتقال پر کانگریس کے ریاستی صدر امت چاوڑا، اسمبلی میں حزب کے لیڈر پریش سمیت کئی لوگوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ گجرات میں گزشتہ شام تک کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 3300 سے تجاوز کر گئی تھی۔ ان میں سے 2000 سے زیادہ اکیلے احمدآباد کے ہیں۔ ریاست بھر میں 150 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے 100 سے زائد احمد آباد شہر میں ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Apr 2020, 2:11 PM