اچھے دن کا ’بھونپو‘ بجانے والی بی جے پی حکومت نے معیشت کو پنکچر کر دیا: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہندوستانی معیشت کے زوال پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ جی ڈی پی شرح ترقی سے صاف ہے کہ معاشی حالت بہت خراب ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مرکز کی مودی حکومت معاشی محاذ پر پوری طرح سے ناکام نظر آ رہی ہے۔ جی ڈی پی میں زبردست گراوٹ ہے اور ملازمت پر قحط طاری ہے۔ تقریباً سبھی سیکٹر میں بحران کی آمد دستک دیتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ایسے میں اپوزیشن پارٹی کے لیڈر مودی حکومت کی پالیسیوں پر سوال کھڑے کر رہے ہیں۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور پارٹی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے معیشت کو ایشو بناتے ہوئے مودی حکومت پر بڑا حملہ کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ جی ڈی پی شرح ترقی سے صاف ہے کہ اچھے دن کا بھونپو بجانے والی بی جے پی حکومت نے معیشت کی حالت پنکچر کر دی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کہا کہ ’’نہ جی ڈی پی گروتھ ہے، نہ روپے کی مضبوطی۔ روزگار غائب ہے۔ اب تو واضح کرو کہ معیشت کو برباد کر دینے کی یہ کس کی کوشش ہے؟‘‘


دوسری طرف کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی ہفتہ کی صبح ٹوئٹ کر کے مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر حملہ کیا۔ سرجے والا نے گزشتہ 6 سہ ماہی سے جی ڈی پی میں درج کی جا رہی گراوٹ کے گراف کو ٹوئٹ کر مودی حکومت سے پوچھا ہے کہ معیشت کی جو بدحالی ہوئی ہے کیا یہی نیا ہندوستان ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے لکھا کہ ’’بی جے پی حکومت میں معیشت کی بدحالی! کیا یہ ہے ’نیا ہندوستان‘؟‘‘

واضح رہے کہ معاشی محاذ پر مودی حکومت کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ شرح ترقی سات سال کی نچلی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی 5 فیصد پر پہنچ چکا ہے جب کہ گزشتہ سہ ماہی میں یہ 5.8 فیصد تھا۔ گرتی شرح ترقی کو لے کر کانگریس نے مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے اور 5 فیصد کے اعداد و شمار پر سوال بھی اٹھائے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Aug 2019, 11:10 AM
/* */