گرمی کے موسم میں سردی! شمال مغربی ہندوستان میں بدل گیا موسم کا مزاج، اترپردیش میں سرد ہواؤں اور بارش کا الرٹ
اترپردیش کے مغربی اضلاع بشمول میرٹھ، آگرہ، مراد آباد، بریلی اور ہردوئی میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ اس کے نتیجے میں ریاست کے بیشتر اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم درج کیا گیا۔

سردی کے بعد اچانک گرمی نے بیشتر ہندوستان کی اپنی زد میں لے لیا تھا لیکن گزشتہ ایک ہفتے سے لگاتار موسم بدل رہا ہے۔ اس دوران اتر پردیش میں بھی موسم میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ پیر کے روز اچانک ایک نئے کمزور طلاطم کے رونما ہونے سے بادلوں کی سرگرمی میں اضافہ ہوا اور کچھ مغربی اضلاع بشمول میرٹھ، آگرہ، مراد آباد، بریلی اور ہردوئی میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ اس کے نتیجے میں بیشتر اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم درج کیا گیا۔ بریلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24.4 ڈگری سیلسیس کے ساتھ سب سے ٹھنڈا دن رہا۔ ایودھیا اور بلند شہر میں 14.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت کے ساتھ اس موسم کی سرد ترین رات رہی۔
اس دوران محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ منگل کو ریاست میں کہیں کہیں بادل موجود رہیں گے لیکن موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔ 26 مارچ کو ایک اور طلاطم سرگرم ہو رہا ہے، جس سے مغربی اضلاع میں پھر سے بوندا باندی کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے بعض اضلاع میں ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
علاقائی موسمیاتی مرکز، لکھنؤ کے سینئر سائنسدان اتل کمار سنگھ نے بتایا کہ 28 مارچ سے ایک اور مغربی طلاطم سرگرم ہو گا جس کے اثرات ریاست بھر میں محسوس کیے جائیں گے۔ اس دوران مشرقی اور مغربی دونوں ڈویژنوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ منگل سے اگلے دو دنوں تک دھوپ بڑھنے کی وجہ سے ریاست کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری کا اضافہ ہوگا۔
مسلسل 3 سرگرم مغربی طلاطم کے سبب شمال مغربی ہندوستان میں موسم کا مزاج بدل گیا ہے۔ پیر کو جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کی چوٹیوں پر برف باری ہوئی اور ہریانہ اور راجستھان سمیت میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلیں۔ اس ہفتے پورے شمال مغربی ہندوستان میں وسیع پیمانے پر بارش کی توقع ہے، کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان، مظفرآباد، اتراکھنڈ، ہریانہ، راجستھان اور مغربی مدھیہ پردیش میں کئی مقامات پر 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔ وہیں اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ، امپھال، ودربھ، چھتیس گڑھ، کونکن اور گوا، مدھیہ مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، گجرات علاقہ اور کچھ کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ آسام میں چند مقامات پر بھاری بارش (7-11 سینٹی میٹر) ریکارڈ کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔