چراغ پاسوان ’ایل جے پی‘ کے نئے قومی صدر منتخب

مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی قیادت والی لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کا نیا قومی صدر ان کے بیٹے چراغ پاسوان کو منتخب کیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی قیادت والی لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کا نیا قومی صدر ان کے بیٹے چراغ پاسوان کو منتخب کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے اشیائے خوردنی رام ولاس پاسوان نے آج یہاں صحافیوں سے کہا،’وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریوں کے سبب میں پارٹی اور تنظیم کو حسبِ ضرورت وقت نہیں دے پارہا تھا۔ میں نے نئے صدر کے انتخاب کی ذمہ داری پارٹی کی قومی مجلس عاملہ پر چھوڑ دی تھی اور اسی نے چراغ پاسوان کو نیا قومی صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

پاسوان نے نومبر 2000 میں سیاسی پارٹی تشکیل دی تھی ۔ اس کا ووٹ بینک بنیادی طور پر بہار کا دلت فرقہ ہے۔ کچھ وقت کے لیے بالی وڈ میں کام کرنے والے چراغ پاسوان نے 2013 میں سیاست میں قدم رکھا تھا اور انہوں نے ایل جے پی کے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے)کا حصہ بننے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ موجودہ لوک سبھا میں وہ بہار کی جموئی حلقے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔


رام ولاس پاسوان 2002 کے گجرات مسلم مخالف فسادات کے بعد مودی کے سخت نکتہ چینی کرنے والوں میں سے ایک تھے۔ بعد ازاں انہوں نے این ڈی اے کا دامن تھام لیا اوران کی پارٹی مرکزی حکومت میں شریک ہے۔

پاسوان کی عمر 73 برس ہے اور وہ 1996 سے اب تک تقریباً تمام وزرائے اعظم کی حکومتوں کا حصہ رہ چکے ہیں جن میں ایچ ڈی دیوے گوڑا سے لے کر اندر کمار گجرال، اٹل بہاری واجپئی، ڈاکٹر منموہن سنگھ اور اب مودی شامل ہیں۔ وہ سنہ 2009 سے 2014 تک منموہن حکومت میں بھی شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔