شی جنپنگ کے دورۂ ہندوستان کے موقع پر چین کا اہم فیصلہ، 21 ستمبر سے دہلی-گوانگ ژو براہ راست پرواز کا ہوگا آغاز
چین کی بڑی ایئرلائن ’چائنا ساؤدرن ایئرلائنز‘ 21 ستمبر سے نئی دہلی اور گوانگ ژو کے درمیان براہ راست مسافر پروازیں دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے۔ یہ سروس تقریباً 6 برسوں کے وقفے کے بعد بحال ہوگی۔

چین کے صدر شی جنپنگ کے دورۂ ہندوستان کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطہ بحال کرنے کی سمت اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ چین کی بڑی ایئرلائن ’چائنا ساؤدرن ایئرلائنز‘ 21 ستمبر سے نئی دہلی اور گوانگ ژو کے درمیان براہ راست مسافر پروازیں دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے۔ یہ سروس تقریباً 6 برسوں کے وقفے کے بعد بحال ہوگی۔ چائنا ساؤدرن کے مطابق دہلی-گوانگ ژو روٹ کی بحالی کے ساتھ جنوبی ایشیا میں اس کی خدمات 8 راؤنڈ ٹرپ روٹس پر ہفتے میں 100 سے زیادہ پروازوں تک پہنچ جائیں گی۔ گوانگ ژو چین کا ایک اہم کاروباری اور صنعتی مرکز ہے اور جنوبی چین کے ساتھ ہندوستان کے تجارتی رابطے کے لیے بھی یہ روٹ اہم ہے۔ ایئر انڈیا نے اسی سال فروری میں اپنی نئی دہلی-چین سروس دوبارہ شروع کی تھی۔
وہیں چائنا ایسٹرن ایئرلائنز نے 18 اپریل کو اپنا کن منگ-کولکاتہ روٹ دوبارہ شروع کیا۔ ایئر چائنا نے اپریل میں اپنی بیجنگ-دہلی سروس دوبارہ شروع کی تھی۔ انڈیگو نے بھی 30 مارچ کو کولکاتہ اور شنگھائی کے درمیان روزانہ نان اسٹاپ پروازیں شروع کیں۔ گزشتہ سال انڈیگو نے 10 نومبر سے نئی دہلی اور چین کے گوانگ ژو کے درمیان روزانہ براہ راست پروازیں شروع کی تھیں۔ چائنا ساؤدرن کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب چینی صدر شی جنپنگ 12-13 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی 18ویں برکس چوٹی اجلاس میں شرکت کے لیے ہندوستان پہنچے ہیں۔ یہ 2020 کی گلوان جھڑپ کے بعد شی جنپنگ کا پہلا دورۂ ہندوستان ہے اور دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے جاری سفارتی بہتری کے عمل کے لحاظ سے اسے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
گوانگ ژو-دہلی فضائی سروس دوبارہ شروع کرنے کے فیصلے کو ہندوستان اور چین کے درمیان براہ راست رابطے کو بڑھانے کی سمت میں اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ کورونا وبا کے بعد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی خدمات طویل عرصے تک متاثر رہی تھیں۔ چائنا ساؤدرن کی دہلی-گوانگ ژو سروس بھی اسی دوران بند ہو گئی تھی۔ ہندوستان اور چین کے تعلقات میں گزشتہ چند برسوں کے دوران کافی اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا ہے۔ جون 2020 میں گلوان وادی میں ہوئی پرتشدد جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ویزا اور عوامی رابطے سے متعلق کئی شعبوں پر بھی اثر پڑا۔ حالانکہ اکتوبر 2024 میں سرحد پر فوجی تعطل کم کرنے کے حوالے سے ہوئے معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں آہستہ آہستہ بہتری کے آثار نظر آنے لگے۔ اس کے بعد براہ راست پروازوں کی بحالی، کاروباری افراد کے لیے ویزا کے عمل میں بہتری اور تجارتی رابطے بڑھانے کی سمت میں اقدامات کیے گئے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
