وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کو لکھا خط، فرضی ووٹرس کو جمہوریت کے لیے بتایا خطرہ

ممتا بنرجی نے اپنے خط میں الزام عائد کیا کہ بی جے پی سے منسلک لوگ ہزاروں فرضی فارم-6 جمع کر باہری لوگوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں۔ سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے کے خلاف خوب بیان بازیاں کر رہی ہیں اور الیکشن کمیشن سے شکایتوں کا دور بھی جاری ہے۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ریاست میں جمہوری عمل کو پہنچ رہے ممکنہ نقصان کے تئیں اپنی فکر ظاہر کی ہے۔ ممتا بنرجی نے پہلے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ چکی ہیں اور تازہ خط میں الزام عائد کیا ہے کہ ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹ میں گڑبڑی سے حقیقی ووٹرس کے حقوق متاثر ہو سکتے ہیں۔

ممتا بنرجی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ مغربی بنگال میں لوگوں کے جمہوری حقوق کے خلاف ایک بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی سے منسلک لوگ ہزاروں فرضی فارم-6 (درخواستیں) جمع کر باہری لوگوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ یہ پورا عمل ’ووٹر ہائی جیکنگ‘ کی کوشش ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس طرح کی حکمت عملی پہلے مہاراشٹر اور دہلی میں بھی اپنائی گئی تھی۔


ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ ’ایس آئی آر‘ سے متعلق اختیار کیے گئے طریقۂ کار پھر بھی سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب بھی 60 لاکھ سے زائد حقیقی ووٹرس جانچ کے عمل میں پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں فرضی درخواستیں تیزی سے قبول کی جا رہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس عمل کے سبب اب تک 200 سے زیادہ لوگوں کی جان جا چکی ہے، جسے انھوں نے بے حد فکر انگیز بتایا۔

وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ یہ پورا عمل (ایس آئی آر) سپریم کورٹ کی ہدایات کے خلاف ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ 28 فروری 2026 کو شائع حتمی ووٹر لسٹ کے بعد کوئی نیا نام شامل نہ کیا جائے۔ اس معاملہ میں الیکشن کمیشن سے فوراً مداخلت کی اپیل بھی کی گئی ہے تاکہ مبینہ گڑبڑی کو روکا جا سکے۔ اس درمیان انھوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ بنگال کی عوام اپنی جمہوریت کو کسی بھی قیمت پر کمزور نہیں ہونے دے گی۔