صدر جمہوریہ سے اکیلے ملیں گے وزیراعلیٰ بھگونت مان، پنجاب کے ممبران اسمبلی کو ریل بھون کے قریب روکا گیا

عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ بی جے پی ان ریاستوں میں بالواسطہ طور پر حکومت کرنا چاہتی ہے، جہاں کے عوام نے اسے مسترد کر دیا ہے۔ ملک کے عوام بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

بھگونت مان / آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان آج (5 مئی) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے ملنے پہنچے ہیں۔ اس سے پہلے ان کے ساتھ جا رہے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ممبران اسمبلی کو پارلیمنٹ کے قریب ریل بھون کے پاس روک دیا گیا۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ پہلے ہی طے ہوگیا تھا کہ صدر کی ملاقات سبھی ممبران اسمبلی سے نہیں ہوگی، صرف وزیر اعلیٰ بھگونت مان ان سے ملاقات کریں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ پہلے سے طے شدہ ملاقات کے باوجود مان ممبران اسمبلی کے ساتھ اس لئے آگے بڑھے تاکہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ان الزامات کی تردید کر سکیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ ایم ایل اے باغی ہو سکتے ہیں۔ ممبران اسمبلی کو ساتھ لے کر مان نے حکومت کی مضبوطی کا دعویٰ کیا۔ ذرائع کی مانیں تو بھگونت مان پنجاب میں چل رہے سیاسی اتھل پتھل سمیت ممبران اسمبلی کی بغاوت پر’رائٹ ٹو ریکال‘ جیسے مسائل صدر کے سامنے رکھیں گے۔


صدر سے ملاقات کے لیے روانگی سے قبل وزیر اعلیٰ مان نے سوشل میڈیا سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پنجاب کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہماری جدوجہد لگاتار جاری ہے۔ آج عام آدمی پارٹی کے تمام  ممبران اسمبلی کے ساتھ میں پنجاب کے سلگتے ہوئے مسائل پر بات کرنے اور صوبے کی بلند آواز صدرجمہوریہ کے سامنے رکھنے کے لیے روانہ ہورہا ہوں۔ آپ کا ’عوامی خادم‘ ہونے کے ناطے ہماری حکومت پنجاب کی خوشحالی اور معاشرے کے ہر طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

صدر کے ساتھ وزیر اعلیٰ کی ملاقات کے دوران پنجاب کے وزیر ہرپال سنگھ چیمہ نے کہا کہ بی جے پی ان ریاستوں میں بالواسطہ طور پر حکومت کرنا چاہتی ہے، جہاں کے عوام نے اسے مسترد کر دیا ہے۔ ملک کے عوام بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ پنجاب کے لوگ عام آدمی پارٹی کے ان راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ کو ’غدار‘ بتارہے ہیں جو بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔


وزیر اعلیٰ بھگونت مان سے پہلے عام آدمی پارٹی چھوڑنے والے اور اب بی جے پی کے لیڈر و راجیہ سبھا رکن راگھو چڈھا سمیت 4 ممبران پارلیمنٹ نے بھی آج صبح صدر سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے بعد بی جے پی لیڈر راگھو چڈھا نے کہا کہ میں عام آدمی پارٹی کو بتانا چاہتا ہوں کہ وہ پنجاب پولیس کا سہارا لے کر جو کارروائی کر رہے ہیں، یہ بہت خطرناک کھیل ہے۔ ہم جب تک عام آدمی پارٹی کے ساتھ تھے تب تک ٹھیک تھے اور اب جب الگ ہو گئے ہیں تو ہم بدعنوان ہو گئے ہیں؟ پنجاب حکومت کی ایجنسیوں اور پیسوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ عام آدمی پارٹی بدعنوان لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، اس کے پاس ایک ریاست کی حکومت اور پولیس ہے۔ بی جے پی کے پاس 21 ریاستوں میں حکومت ہے اور 21 ریاستوں کی پولیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی پنجاب حکومت چند ماہ کی سرکار ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔