عآپ اور بی جے پی میں قربت! افطار میں کیجریوال کو لقمہ کھلاتے نظر آئے وجندر گپتا

دہلی حکومت کی طرف سے منعقدہ افطار کے دوران عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال اور حزب اختلاف کے قائد وجندر گپتا کے درمیان دوستانہ ماحول نظر آیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی حکومت کی جانب سے پیر کے روز دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور حزب اختلاف کے قائد وجندر گپتا ایک دوسرے سے ہنستے بولتے نظر آئے۔ یہاں تک کہ وجندر گپتا نے اپنے ہاتھوں سے اروند کیجریوال کو لقمہ تک کھلایا!

بعد ازاں، وجندر گپتا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اگر مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے تو یہ دہلی کے حق میں ہوگا۔ انہوں نے کہا، ’’میں شروع سے ہی اروند کیجریوال سے یہ کہتا چلا آ رہا ہوں کہ دہلی کی بہتری کے لئے ٹکراؤ کا راستہ چھوڑ دیں۔ اگر مل کر کام کرتے ہیں تو یہ دہلی کے حق میں صحیح رہے گا لیکن یہ ان کی حکمت عملی ہے۔‘‘


جس طرح گپتا اور کیجریوال کے درمیان افطار کے دوران دوستی نظر آئی اس سے یہ قیاس لگائے جا رہے ہیں کہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان قربتیں بڑھ رہی ہیں۔ افطار کے دوران دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، عآپ رکن پارلیمان سنجے سنگھ، بی جے پی کے رکن اسمبلی اوم پرکاش شرما سمیت کئی رہنما موجود رہے۔ حالانکہ کانگریس کے کسی سینئر رہنما نے افطار میں شرکت نہیں کی۔

افطار کے دوران جوں ہی اروند کیجریوال اور ان کی حکومت کے سخت نقاد گپتا نے اپنے ہاتھوں سے دہلی کے وزیر اعلیٰ کو لقمہ کھلایا، یہ منظر وہاں موجود تمام لوگوں نے اپنے کیمرے میں قید کر لیا۔

افطار میں شامل ہونے کے بعد روہنی سے رکن اسمبلی وجندر گپتا نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’رمضان کے پاک مہینے میں خدا سے دعا ہے وہ کہ کیجریوال حکومت کو سد بدھی (عقل سلیم) عطا کرے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’افطار ملاقات کا ایک موقع ہوتا ہے۔ اس کا سیاست سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ میں نے کیجریوال سے کئی مرتبہ کہا ہے کہ دہلی کے لوگوں کی بھلائی کے لئے ہمیں بحث میں نہیں پڑنا چاہئے۔ ایک ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔