سپرٹیک معاملے کی سماعت سے چیف جسٹس سوریہ کانت نے خود کو کیوں کیا علیحدہ؟
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ درخواست گزاروں میں سے ایک ان کا واقف کار ہے، حالانکہ وہ نہ تو ان کا مؤکل ہے نہ ہی رشتہ دار۔ انھوں نے کہا کہ غیر جانبداری برقرار رکھنے کے لیے بہتر ہے کہ وہ خود کو الگ کر لیں۔

سپریم کورٹ میں سپرٹیک کے نامکمل ہاؤسنگ پروجیکٹس کو مکمل کرانے اور گھر خریداروں کے مفادات کے تحفظ سے متعلق معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریہ کانت نے خود کو سماعت سے علیحدہ کر لیا۔ چیف جسٹس نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ معاملے کے درخواست گزاروں میں ایک شخص سے ان کے ذاتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ شخص نہ تو ان کا مؤکل ہے اور نہ ہی رشتہ دار، لیکن ان سے واقفیت ہے۔ ایسے میں غیر جانب داری برقرار رکھنے کے لیے وہ اس معاملے کی سماعت نہیں کریں گے۔
چیف جسٹس نے یہ تبصرہ بھی کیا کہ متعلقہ فریق کو پہلے ہی اس بات سے آگاہ رہنا چاہیے تھا کہ درخواست گزاروں میں ان کا کوئی جاننے والا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس معاملے کی سماعت کے لیے ایک خصوصی بنچ (اسپیشل بنچ) تشکیل دی جائے گی۔ اس معاملے میں سپرٹیک کے زیر التوا رہائشی پروجیکٹس کو مکمل کرانے اور برسوں سے اپنے گھروں کا انتظار کر رہے خریداروں کے مفادات کے تحفظ کا مسئلہ شامل ہے۔ وہیں ایک دوسرے معاملے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے گھر خریداروں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مجاز عدالت گھر خریدار کے خلاف قسطوں کی ادائیگی کے معاملے میں کوئی عبوری ہدایت جاری نہیں کر سکتی، جب تک بینک اور بلڈر کے درمیان قرض فراہم کرنے کے عمل کی جانچ سے یہ واضح نہ ہو جائے کہ خریدار واقعی ادائیگی میں ڈیفالٹر ہے۔
چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوائے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے کرشنا ہاؤسنگ اسکیم کے گھر خریداروں کی جانب سے دائر ایک رٹ عرضی پر یہ حکم سنایا۔ یہ پروجیکٹ رہیجا ڈیولپرز لمیٹڈ کا ہے۔ دراصل درخواست گزاروں کی جانب سے لیے گئے ہاؤسنگ لون کے سلسلے میں درخواست گزاروں، ایس بی آئی اور رہیجا ڈیولپرز کے درمیان ایک سہ فریقی معاہدہ ہوا تھا، لیکن خریداروں کا الزام ہے کہ رہیجا ڈیولپرز اس معاہدے کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔
یہ معاملہ دیوالیہ پن کی کارروائی میں چلا گیا اور این سی ایل ٹی کے سامنے بلڈر نے گھر خریداروں کی رقم 6 ماہانہ قسطوں میں واپس کرنے کی تجویز پیش کی۔ لیکن کارروائی کے دوران ہی اسٹیٹ بینک نے کمرشیل کورٹ میں درخواست گزار گھر خریداروں کے خلاف رقم کی وصولی کے مقدمات دائر کر دیے۔ واضح رہے کہ 2024 میں بھی سپریم کورٹ نے دہلی-نوئیڈا میں ہاؤسنگ پروجیکٹس کے لیے قرض لینے والے کئی گھر خریداروں کو اسی طرح کی عبوری راحت دی تھی۔ عدالت نے این سی آر میں بلڈروں اور بینکوں کے درمیان مبینہ ملی بھگت پر گہری تشویش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ گھر خریداروں کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
