حلف برداری کی تقریب کے بعد عشائیہ میں مرغ اور مچھلی، 8 ہزار مہمانوں کا انتظام

وزیر اعظم نریندر مودی آج دوسری مرتبہ اپنی کابینہ کے ساتھ حلف لیں گے اور تقریب میں بیرون ممالک کے مہمان سمیت آٹھ ہزار مہمان مدعو ہیں جن کے لئے صدر جمہوریہ نے عشائیہ کا انتظام کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

زبردست انتخابی کامیابی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی آج اپنی کابینہ کے ساتھ حلف لیں گے اور یہ تو سبھی جانتے ہیں کہ ان کی کوئی بھی تقریب کبھی بھی کسی بڑے مارکیٹنگ ایونٹ سے کم نہیں ہوتی۔ آج کی حلف برداری کی تقریب میں آٹھ ہزار مہمان مدعو ہیں جن میں بیرون ممالک کےسربراہ سمیت کئی اور مہمان بھی شامل ہیں۔ ان مہمانوں میں ’بمسٹیک‘ گروپ ممالک کے سربراہ، تمام ممالک کے سفیر، تمام وزراء اعلی، مختلف شعبوں کی معروف شخصیات اور 100 سے زیادہ این آر آئی شامل ہیں۔ جو وزراء اعلی اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے ان میں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک کے نام ہیں۔ممتا بنرجی بطور احتجاج شامل نہیں ہوں گی جبکہ نوین پٹانئک اس لئے شامل نہیں ہوں گے کیونکہ ان کے ارکان اسمبلی کی آج حلف برداری کی تقریب ہے۔

واضح رہے کہ اس مرتبہ 2014 کے مقابلہ میں تین ہزار مہمان زیادہ ہیں۔ سال 2014 میں پانچ ہزار مہمان شریک ہوئے تھے جبکہ اس مرتبہ آٹھ ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں آنے والے مہمانوں کے لئے پہلے ہائی ٹی پیش کی جائے گی اور بعد میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عشائیہ میں ویج اور نان ویج دونوں طرح کے کھانے تیار کئے گئے ہیں جس میں مچھلی اور مرغ کے کئی طرح کے کھانے تیار کئے گئے ہیں۔


واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی صرف سبزیاں ہی کھاتے ہیں اور بی جے پی نان ویج کی ہمیشہ سے مخالف رہی ہے لیکن یہ عالمی تقاضے ہیں جو ہر حکومت کو پورے کرنے پڑتے ہیں اور بی جے پی کو بھی پورے کرنے پڑ رہے ہیں۔ مہمانوں میں بنگلہ دیش کے صدر عبدالحمید، سری لنکا کے صدر میتری پالا سری سینا، میانمار کے صدر یو ون منٹ، نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما، بھوٹان کے وزیر اعظم لوٹے تشرنگ، کرغستان کے صدر سرونبے زنبےکوو،ماریشس کے وزیر اعظم پرویندر کمار جگن ناتھ وغیرہ شامل ہوں گے۔

کھیل کی دنیا سے راہل دراوڑ، انل کمبلے، جواگل شریناتھ، ہربھجن سنگھ، سائنا نہوال، گوپی چند، دیپا کرماکر وغیرہ شامل ہوں گے جبکہ بالی وُڈ سے شاہ رخ خان، کرن جوہر، کنگنا رانوت، رجنی کانت، کمل ہاسن، سنجے بھنسالی، وویک اوبرائے وغیرہ شامل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */