’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کی اجازت نہ ملی تو سڑک پر کریں گے انعقاد: جیتو پٹواری

کانگریس کے مدھیہ پردیش صدر جیتو پٹواری نے کہا ہے کہ 19 ستمبر کو اندور میں ہونے والا ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام غیر سیاسی ہے۔ اجازت نہ ملی تو اسے سڑک پر منعقد کیا جائے گا

<div class="paragraphs"><p>تصویر اے آئی</p></div>
i

کانگریس کے مدھیہ پردیش صدر جیتو پٹواری نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا 19 ستمبر کو اندور میں ہونے والا ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام ایک غیر سیاسی انعقاد ہے اور اگر مجوزہ میدان میں پروگرام کی اجازت نہیں دی گئی تو اسے سڑک پر منعقد کیا جائے گا۔

اندور میں اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پٹواری نے کہا کہ ’چھاتروں کی گونج‘ کو کسی بھی لحاظ سے سیاسی عینک سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے لیے انتظامیہ، پولیس یا کسی دوسرے محکمے سے اجازت درکار ہوئی تو کانگریس ضابطے کے مطابق تمام ضروری منظوری حاصل کرے گی۔ پٹواری نے واضح الفاظ میں کہا، ’’اگر ہمیں اجازت نہیں دی گئی تو ہم یہ پروگرام سڑک پر کریں گے۔‘‘

کانگریس نے ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے لیے شہر کے ریجنل پارک کے سامنے تقریباً 12 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلے میدان کو تین دن کے لیے عارضی طور پر حاصل کرنے کی خاطر اندور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آئی ڈی اے) کے کھاتے میں 10.08 لاکھ روپے جمع کرائے ہیں۔ تاہم، اپوزیشن جماعت کو اب تک اس پروگرام کے انعقاد کی حتمی سرکاری منظوری نہیں ملی ہے اور متعلقہ کارروائی جاری ہے۔

پٹواری نے کہا کہ اگر پروگرام کے لیے کانگریس سے 10 کروڑ روپے بھی مانگے جاتے تو کارکن کسی نہ کسی طرح یہ رقم جمع کر لیتے، کیونکہ ان کے بقول تعلیم کے تحفظ کی لڑائی ملک کی آزادی کی جدوجہد کی طرح اہم ہے۔


کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ جب سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر تھے، اس وقت مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت ان کے اندور کے پروگراموں کے لیے مفت اجازت دیتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے پروگرام کے بارے میں سوچ نامناسب ہے تو یہ ملک کی سیاست کے لیے اچھی علامت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ کانگریس نے ابتدا میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے لیے اندور کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم کی اجازت طلب کی تھی، لیکن منظوری نہ ملنے کے بعد پروگرام کی تاریخ 12 ستمبر سے بڑھا کر 19 ستمبر کر دی گئی۔ میئر پشیامتر بھارگوا نے کہا تھا کہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے ایک پرانے حکم کے تحت اسٹیڈیم صرف کھیلوں یا ریاستی سطح کے سرکاری پروگراموں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

’چھاتروں کی گونج‘ کانگریس کی طلبہ سے مکالمے کی مہم ہے، جس میں راہل گاندھی پرچہ لیک، مہنگی تعلیم، سرکاری بھرتیوں میں بے ضابطگیوں اور بے روزگاری جیسے مسائل اٹھا رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت کوٹا، دہرادون، پریاگ راج اور پونے میں پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں۔

پٹواری نے مدھیہ پردیش حکومت کو ایک اور معاملے پر بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھوپال اور اندور کے ترقیاتی ’ماسٹر پلان‘ کا اعلان تین ماہ کے اندر نہیں کیا گیا تو کانگریس 50 ہزار کارکنوں کے ساتھ اندور سے بھوپال کی جانب مارچ کرے گی اور وزیر اعلیٰ موہن یادو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔