چنڈی گڑھ: بلدیاتی انتخابات سے قبل ’عآپ‘ کو جھٹکا، دمن پریت سنگھ کانگریس میں شامل

دمن پریت نے اسے گھر واپسی بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس وہ پلیٹ فارم ہے جہاں سے وہ اپنے وارڈ اور شہر کی بہترین خدمت کر سکتے ہیں۔ اس سے پہلے میئر الیکشن کے بعد کونسلر پریم لتا نے بھی اے اے پی چھوڑ دی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>فوٹو ویڈیو گریپ</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بلدیاتی انتخابات سے قبل چنڈی گڑھ کا سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہورہا ہے۔ اس دوران عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو لگاتار جھٹکے لگ رہے ہیں۔ تازہ واقعہ میں اے اے پی کے وارڈ نمبر 17 سے کونسلر دمن پریت سنگھ نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ اس پیشرفت کو عام آدمی پارٹی کے لیے بڑا جھٹکا بتایا جا رہا ہے کیونکہ گزشتہ ڈھائی ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب پارٹی کے کونسلر نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔

اس سے پہلے میئر الیکشن کے بعد کونسلر پریم لتا نے بھی اے اے پی چھوڑ دی تھی۔ دمن پریت سنگھ نے سیکٹر 35 میں راجیو گاندھی کانگریس بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں سینکڑوں حامیوں کے ساتھ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ دمن پریت کے ساتھ اے اے پی کے سابق لیڈر اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیکٹر 43 کے خزانچی اجول بھسین، ایڈوکیٹ وشال شرما اور یوراج اشٹ بھی کانگریس میں شامل ہوئے۔ دمن پریت نے اسے گھر واپسی بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس وہ پلیٹ فارم ہے جہاں سے وہ اپنے وارڈ اور شہر کی بہترین خدمت کر سکتے ہیں۔


آئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل کونسلروں کی مسلسل پارٹی تبدیلی سیاسی جماعتوں کے لیے نیا چیلنج بن گیا ہے۔ موجودہ وقت میں بی جے پی کے پاس 18 کونسلر ہیں، کانگریس کے پاس 8 کونسلر اور ایک ایم پی کا ووٹ ہے جب کہ اے اے پی کے کونسلروں کی تعداد گھٹ کر 9 رہ گئی ہے۔ اس سے کانگریس پارٹی تیزی سے مضبوط ہوتی دکھائی دے رہی ہے، وہیں اے اے پی کی حالت کمزور ہوتی نظر آرہی ہے۔

اے اے پی کو اس سے پہلے بھی کئی جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دسمبر میں پارٹی کی دو خواتین کونسلر سمن اور پونم بی جے پی میں شامل ہو گئی تھیں۔ فروری میں پریم لتا کے کانگریس میں شامل ہوںے کے بعد اب دمن پریت کا پارٹی چھوڑنا اے اے پی کے لیے بڑا نقصان سمجھا جا رہا ہے۔ سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے، پارٹی تبدیلی کی یہ سرگرمیاں مزید تیز ہوسکتی ہیں۔


کانگریس اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں مصروف ہے جبکہ بی جے پی اپنی الگ ہی انتخابی حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات دسمبر 2026 میں ہونے کا امکان ہے۔ وارڈ کی حد بندی کا عمل شروع ہو چکا ہے حالانکہ ابھی تک انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ حال ہی میں ہوئے میئر کے الیکشن میں بی جے پی کے سوربھ جوشی میئر بنے تھے جو موجودہ ایوان کا آخری میئر الیکشن مانا جارہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔