چمپت رائے اور انل مشرا کی چھٹی، ’رام مندر چندہ چوری‘ پر ٹرسٹ کی میٹنگ میں استعفیٰ منظور

سوامی پرمانند گری نے کہا کہ ’’مذہب کی حفاظت کرنا ہمارا پہلا فرض ہے۔ جب لوگ عقیدت سے جڑتے ہیں تو چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ عطیات چوری کے جو الزامات عائد ہوئے ہیں اس سے پورا ملک غمزدہ ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>رام مندر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

ایودھیا رام مندر عطیات چوری معاملے میں آج ٹرسٹ کی اہم میٹنگ ہوئی۔ رام مندر ٹرسٹ کی میٹنگ میں جنرل سکریٹری چمپت رائے اور ٹرسٹی انل مشرا کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں۔ عطیات چوری کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سے ہی چمپت رائے اور انل مشرا کے کردار پر سوالات کھڑے ہو رہے تھے۔ ایس آئی ٹی کی تحقیقات شروع ہونے کے بعد دونوں نے استعفیٰ دے دیا تھا جسے آج قبول کر لیا گیا۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق آج منعقدہ رام مندر ٹرسٹ کی میٹنگ میں اس بات پر تبادلۂ خیال کیا گیا کہ چوری کے باعث ملک بھر میں بدنامی ہو رہی ہے۔ میٹنگ میں دینیندر داس سے کہا گیا کہ پہلے جنرل سکریٹری چمپت رائے اور انل مشرا کے استعفوں پر بات ہو، اس کے بعد وہ اپنی بات رکھیں اور اس پر بھی بحث ہوگی۔ اس میٹنگ میں گوپال راؤ بھی شامل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن اراکین نے انہیں اندر داخل نہیں ہونے دیا۔


ٹرسٹ کی میٹنگ میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ فی الحال چمپت رائے اور انل مشرا کو ذمہ داری لینی ہوگی۔ چمپت رائے کا کردار ٹرسٹ میں جنرل سکریٹری کا تھا۔ میٹنگ میں یہ بات بھی رکھی گئی کہ ٹرسٹ میں جتنی بھی نئی تقرریاں ہوئی تھیں وہ چمپت رائے اور انل مشرا کے ذریعہ ہی کی گئی تھیں۔ میٹنگ میں شامل سوامی پرمانند گری نے کہا کہ ’’مذہب کی حفاظت کرنا ہمارا پہلا فرض ہے۔ جب لوگ عقیدت سے جڑتے ہیں تو چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ عطیات چوری کے جو الزامات عائد ہوئے ہیں اس سے پورا ملک غمزدہ ہے اور اس سے بدنامی بھی ہو رہی ہے۔‘‘

رام مندر ٹرسٹ کی میٹنگ میں چمپت رائے اور انل مشرا کے استعفوں پر متفقہ طور پر فیصلہ لیا گیا۔ یہ دونوں اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے تھے۔ دونوں کو باہر ہی روک دیا گیا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان دونوں کے خلاف کس قسم کی کارروائی کی جاتی ہے؟ ایس آئی ٹی اب بھی معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے، دونوں سے پوچھ تاچھ بھی کر چکی ہے۔ ایسے میں سب کی نگاہیں اگلے قدم پر مرکوز ہیں۔


واضح رہے کہ میٹنگ میں ٹرسٹ کے صدر مہنت نرتیا گوپال داس، خزانچی سوامی گووند دیو گری جی مہاراج، نرموہی اکھاڑا کے نمائندے اور ٹرسٹی مہنت دینیندر داس اور ٹرسٹ کے رکن کامیشور چوپال شامل رہے۔ اس کے علاوہ اتر پردیش حکومت کے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری  سنجے پرساد اور ایودھیا کے ضلع مجسٹریٹ بھی موجود تھے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔