مرکزی حکومت کا بڑا فیصلہ: چاندی کی آزادانہ درآمد پر پابندی عائد، اب سرکاری منظوری اور لائسنس لازمی
مالیاتی سال 2026 میں ہندوستان کی سونے کی درآمد 24.08 فیصد بڑھ کر 71.98 ارب ڈالر ہو گئی، جبکہ چاندی کی درآمد 149.48 فیصد بڑھ کر 12.05 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

مرکزی حکومت نے چاندی کی درآمد کو لے کر بڑا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ہفتہ (16 مئی) کو چاندی کی درآمد کے لیے اپنی منظوری لازمی قرار دے دی ہے، جس سے اس دھات کو ’فری‘ سے ’ریسٹرکٹڈ‘ کیٹیگری میں ڈال دیا گیا ہے۔ دراصل اپریل میں سالانہ بنیادوں پر چاندی کی درآمد میں تقریباً 157 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ یہ قدم حال ہی میں حکومت کی جانب سے سونے اور چاندی پر امپورٹ ڈیوٹی کو 6 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کے بعد اٹھایا گیا ہے، تاکہ درآمدات کو کنٹرول کیا جا سکے اور توانائی و کھاد جیسی ضروری اشیاء کے لیے غیر ملکی زر مبادلہ بچایا جا سکے۔
دو طرح کے ایچ ایس کوڈ میں بُلین-گریڈ چاندی یا 99.9 فیصد یا اس سے زیادہ وزن والی سلور بارز اور دیگر اقسام کی سلور بارز شامل ہیں۔ ہارمونائزڈ سسٹم (ایچ ایس) کوڈ تجارتی مصنوعات کی درجہ بندی کا ایک نظام ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے سے چاندی کی آزادانہ درآمد بند کر دی گئی ہے۔ اب کسی کو بھی اسے امپورٹ کرنے کے لیے حکومتی منظوری یا لائسنس کی ضرورت ہوگی۔
حکومت کا یہ حکم ہندوستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر، غیر ضروری غیر ملکی دوروں سے بچنے اور ایک سال تک سونا نہ خریدنے کی اپیل کے چند دنوں بعد آیا ہے۔ ہندوستان کے پاس 690 ارب ڈالر سے زیادہ کا غیر ملکی زر مبادلہ کا ذخیرہ ہے، جو 10 مہینوں کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔ حالانکہ حکومت احتیاط برت رہی ہے کیونکہ جنگ طویل ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر سونے اور چاندی کی درآمد سے ذخائر پر کافی دباؤ پڑ رہا ہے۔
مالیاتی سال 2026 میں ہندوستان کی سونے کی درآمد 24.08 فیصد بڑھ کر 71.98 ارب ڈالر ہو گئی، جبکہ چاندی کی درآمد 149.48 فیصد بڑھ کر 12.05 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ حکومت کی جانب سے جمعہ (15 مئی) کو جاری کردہ تجارتی اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ اپریل میں چاندی کی درآمد بڑھ کر 411.06 ملین ڈالر ہو گئی، جبکہ اپریل 2025 میں یہ 159.85 ملین ڈالر تھی۔ اپریل 2026 میں چاندی کی درآمد 181.17 فیصد بڑھ کر 3845.51 کروڑ روپے ہو گئی، جبکہ گزشتہ مالیاتی سال کے اسی مہینے میں یہ 1367.67 کروڑ روپے تھی۔
قابل ذکر ہے کہ اپریل کے مہینے کے لیے درآمد کی گئی اشیاء کی مقدار سے متعلق اعداد و شمار ابھی جاری نہیں کیے گئے ہیں۔ تاہم دستیاب اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ مارچ 2026 میں چاندی کی درآمدی مقدار اور قیمت دونوں ہی مارچ 2025 کے مقابلے میں کافی زیادہ رہیں۔ ہندوستان نے مارچ 2025 میں 128987 کلوگرام چاندی درآمد کی تھی، جو مارچ 2026 میں 91 فیصد بڑھ کر 247008 کلوگرام ہو گئی۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
