لاک ڈاؤن ہٹانے سے پہلے ریاستوں سے مشاورت ہو، غریبوں کی امداد کرے حکومت: چدمبرم

چدمبرم نے کہا ’’لاک ڈاؤن کی حمایت کرنے والے پہلے لوگوں میں شامل ہونے کے ناطے میں مرکزی حکومت کی ریاستوں سے مشاورت کا خیرمقدم کرتا ہوں کہ آیا 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن ہٹایا جانا چاہیے یا نہیں۔‘‘

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: لاک ڈاؤن کی حمایت کرنے والے سب سے پہلے سیاسی لیڈران میں سے ایک سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے بدھ کے روز تجویز پیش کی ہے کہ لاک ڈاؤن ہٹانے کے حوالہ سے کوئی بھی فیصلہ لینے سے قبل ریاستوں سے مشاورت کی جانی چاہیے۔ پی چدمبرم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت کو چاہیے کہ غریبوں کو نقد رقم فراہم کرے۔

چدمبرم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ’’لاک ڈاؤن کی حمایت کرنے والے پہلے لوگوں میں شامل ہونے کے ناطے میں مرکزی حکومت کی ریاستوں سے مشاورت کا خیرمقدم کرتا ہوں کہ آیا 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن ہٹایا جانا چاہیے یا نہیں۔‘‘


انہوں نے کہا ’’اس سوال کا جواب ذاتی یا علاقائی مفادات پر مبنی نہیں ہو سکتا۔ جواب کا تعین صرف دو نمبروں سے کرنا چاہیے۔‘‘ سابق مرکزی وزیر نے لاک ڈاؤن کے بارے میں کوئی حکمت عملی تیار نہ کرنے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا، ’’لاک ڈاؤن حکمت عملی میں جو چیز غائب ہے وہ غریب لوگوں کے ہاتھ میں نقد رقم دینا۔ غریبوں کے بہت سارے طبقے ایسے ہیں جن کو حکومت کی طرف سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا ہے۔‘‘


چدمبرم نے کہا، ’’23 فیصد بے روزگاری (سی ایم آئی ای) اور یومیہ اجرت یا آمدنی بند ہونے کے بعد حکومت کو فوری طور پر غریب افراد کو وسائل اور معاوضہ (نقد رقم) فراہم کرنے کا بندوبست کرنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غلط اور لاپرواہی والے رویہ نے غریبوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہندوستان میں 21 دن کا لاک ڈاؤن چل رہا ہے، جس کا دورانیہ 14 اپریل کو ختم ہونا ہے اور حکومت لاک ڈاؤن میں توسیع پر غور و خوض کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔