مہاجر مزدوروں کی موت پر گھڑیالی آنسو بہا رہی ہے مرکزی حکومت: چدمبرم

پی چدمبرم نے کہا کہ کانگریس نے پہلے ہی حقائق کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی کہ ہزاروں کی تعداد میں مہاجر مزدور پیدل سفر کر کے اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے ہیں، پھر بھی ہماری بات کو نظر انداز کیا گیا۔

 سینئر کانگریس رہنما پی چدمبرم
سینئر کانگریس رہنما پی چدمبرم
user

یو این آئی

نئی دہلی: سینئر کانگریسی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے مرکز اور مختلف ریاستی حکومتوں پر کانگریس کے انتباہ کو نظر انداز کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ مرکزی حکومت مہاراشٹر میں مہاجر مزدوروں کے مال گاڑی سے کٹ کر ہلاک ہونے کے واقعہ پر گھڑیالی آنسو بہا رہی ہے۔

چدمبرم نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ کانگریس نے پہلے ہی لاک ڈاؤن کے دوران روزگار، پیسے اور اناج کے بحران کا سامنا کر رہے مہاجر مزدوروں کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ کانگریس نے غریب کنبوں کو نقدی اور اناج دیے جانے کی مانگ بھی کی تھی، جس کا فائدہ مہاجر مزدوروں کو بھی ملتا۔ حکومتوں نے ہماری اپیل پر توجہ نہیں دی ۔ کانگریس نے ہی سب سے پہلے مطالبہ کیا تھا کہ اپنی آبائی ریاستوں کو واپس لوٹنے کے خواہاں مہاجر مزدوروں کے لئے انتظامات کیے جانے چاہیے۔ مرکزی حکومت نے 38 دنوں تک اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔


انہوں نے کہا کہ کانگریس نے پہلے ہی حقائق کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی کہ ہزاروں کی تعداد میں مہاجر مزدور پیدل سفر کر کے اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے ہیں۔ پھر بھی ہماری بات کو نظر انداز کیا گیا۔ اب حکومت مہاجر مزدوروں کے مال گاڑی سے کٹ کر ہلاک ہونے کے واقعہ پر گھڑیالی آنسو بہا رہی ہیں۔ ایسے حادثے ہماری شاہراہوں اور ریلوے ٹریک پر سبھی کو روز دکھائی دیتے ہیں، سوائے حکومتوں کے‘‘۔ واضح ر ہے کہ مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع میں جمعہ کی صبح مال گاڑی سے كٹ كر 16 مزدوروں کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔