مردم شماری 2027: یوپی میں 31 دسمبر 2025 سے 31 مارچ 2027 تک سبھی ریونیو ایڈمنسٹریٹو یونٹس ہوں گی فریز
پہلے مرحلہ میں 22 مئی سے 20 جون 2026 تک گھروں کو شمار (ہاؤس لسٹنگ) کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلہ میں 9 فروری سے 28 فروری 2027 تک ہر شخص کو شمار کرتے ہوئے ذات پر مبنی مردم شماری ہوگی۔

ہندوستان میں مردم شماری کے لیے سبھی ریاستوں میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اتر پردیش میں بھی ایڈمنسٹریٹو سطح پر ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس تعلق سے ’ڈائریکٹوریٹ آف سینسس آپریشنز‘ کی ڈائریکٹر شیتل ورما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کچھ اہم جانکاریوں کو سامنے رکھا۔ انھوں نے بتایا کہ مردم شماری کا عمل 2025 سے ہی زیر غور ہے اور اسے 2 مراحل میں پورا کیا جائے گا۔ مردم شماری کا آخری وقت یکم مارچ 2027 کی شب 12 بجے مقرر کیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر ملک کی مجموعی آبادی کا اعلان کیا جائے گا۔
ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق شیتل ورما نے بتایا کہ 31 دسمبر 2024 سے 31 مارچ 2027 تک سبھی ریونیو ایڈمنسٹریٹو یونٹس کو فریز کر دیا جائے گا۔ اس دوران کوئی نیا گاؤں یا تحصیل نہیں بنایا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ پہلے مرحلہ میں 22 مئی سے 20 جون 2026 تک گھروں کو شمار (ہاؤس لسٹنگ) کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلہ میں 9 فروری سے 28 فروری تک ہر شخص کو گنا جائے گا۔ اسی مرحلہ میں ذات پر مبنی مردم شماری بھی کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ریاست کو تقریباً 3.90 لاکھ شماریاتی بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے اور تقریباً 5 لاکھ اہلکار اس کام میں لگائے جائیں گے۔ ہر بلاک میں 800 سے 1000 افراد کی مردم شماری ہوگی۔ تربیت کا عمل 10 مئی تک مکمل کر لیا جائے گا، جس میں قومی سطح سے لے کر فیلڈ ٹرینر تک کی تقرری کی گئی ہے۔ مردم شماری کا کام گھر گھر جا کر کیا جائے گا، جس میں مکانوں، جائیدادوں اور اشخاص کی تفصیلی جانکاری جمع کی جائے گی۔ جھگی جھونپڑی والے علاقوں اور صفر آبادی والے علاقوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ اس بڑی مہم کے ذریعہ ریاست اور ملک کی سماجی و معاشی حالت کا تفصیلی تجزیہ ممکن ہو پائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔