ہماچل پردیش میں جشن، کانگریس کے انوراگ شرما بلا مقابلہ راجیہ سبھا کے رکن منتخب
راجیہ سبھا رکن منتخب ہونے کے بعد جذباتی نظرآ ئے شرما نے کہا کہ ایک عام کارکن پراتنا بڑا بھروسہ کرنے کے لیے وہ کانگریس قیادت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ہماچل پردیش میں کانگریس نے راجیہ سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پارٹی کے امیدوار انوراگ شرما بلا مقابلہ راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔ اسمبلی سکریٹریٹ نے انہیں ’سرٹیفکیٹ آف الیکشن‘ سونپ دیا ہے جس کے بعد کانگریس کے کارکنوں میں زبردست جوش وخروش دیکھا جارہا ہے۔ اس موقع پر پارٹی دفتر میں بھی جنش منایا گیا۔
معلوم ہوکہ انوراگ شرما واحد امیدوار تھے جنہوں نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ تک کسی دیگر امیدوار نے نہ تو کاغذات نامزدگی داخل کئے اور نہ ہی کوئی نام واپسی کی سرگرمی دیکھی گئی۔ اس صورتحال میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد انوراگ شرما کو بلامقابلہ فاتح قرار دیا گیا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے انہیں باضابطہ طور پر’سرٹیفکیٹ آف الیکشن‘ پیش کیا۔
اس موقع پر ریاستی کانگریس کے دفتر میں زبردست جشن کا ماحول تھا۔ پارٹی کارکنوں نے خوشی کا اظہارکیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ پارٹی لیڈروں کا کہنا ہے کہ اسے کانگریس کی بڑی سیاسی کامیابی مانا جا رہا ہے۔ موجودہ راجیہ سبھا ایم پی اندو گوسوامی کی میعاد ختم ہونے کے بعد انوراگ شرما اب باضابطہ طور پر حلف لیں گے۔
راجیہ سبھا ممبر منتخب ہونے کے بعد انوراگ شرما جذباتی نظر آ ئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عام کارکن پر اتنا بڑا بھروسہ کرنے کے لیے وہ کانگریس قیادت کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی پر خاص طور پر لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک عام کارکن کو اتنا بڑا موقع دے کر اعزاز سے نوازا ہے۔ انوراگ شرما نے بتایا کہ جب انہیں ہولی کے دن فون آیا اور راجیہ سبھا امیدواربنائے جانے کی اطلاع دی گئی تو انہیں پہلے یقین ہی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انہیں لگا کہ کہیں یہ مذاق تو نہیں کیا جارہا ہے۔ بعد میں جب یہ بات واضح ہوئی تو انہوں نے اسے اپنی زندگی کا بڑا موقع بتایا۔
انوراگ شرما نے کہا کہ ایم پی بننے کے بعد ان کی اولین ترجیح ہماچل پردیش کی ترقی سے متعلق مسائل ہوں گے۔ انہوں نے خاص طور پر ریاست میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش کی شناخت سیاحت اور ثقافتی ورثے سے جڑی ہوئی ہے جسے قومی سطح پر مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں ملک میں نظام میں تبدیلی نظر آئے گی اور کانگریس مضبوط ہو کر ابھرے گی۔
انوراگ شرما نے راجیہ سبھا رکن منتخب ہونے کے بعد اپنے دیوتا بابا بھولے ناتھ اور ماں چامنڈا کو نمن کیا۔ انہوں نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی اور ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ موقع پارٹی قیادت کے اعتماد کی وجہ سے ملا ہے اور بھروسے کو مضبوط کرنے کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔