جیش محمد کے ٹھکانے تباہ کرنے پر فوج کو پورے ملک کی جانب سے مبارکباد

راہل گاندھی نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دہشت گردانہ ٹھکانوں پر کاروائی کرنے کے لیے فضائیہ کے پائلٹوں کو سلام کیا ہے۔ سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے کہا کہ اس سے پاکستان کو سخت پیغام جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مختلف سیاسی پارٹیوں، ریاستوں کے وزراء اعلیٰ اور دیگر رہنماؤں نے پاکستانی دہشت گردتنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں کو ہوائی حملے میں تباہ کرنے کی کاروائی کے لیے ہندوستانی فضائیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

فوج نے منگل کو علی الصبح پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر زبردست کاروائی کی جس میں بڑی تعداد میں اس کے دہشت گرد مارے گئے ہیں اور تربیتی کیمپ تباہ کر دیئے گئے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردانہ ٹھکانوں پر کاروائی کرنے کے لیے فضائیہ کے پائلٹوں کو سلام کیا ہے۔ سابق وزیر دفاع اے کے اینٹونی نے کہا کہ اس سے پاکستان کو سخت پیغام دیا جائے گا۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے ٹوئٹ کرتےہوئے فضائیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس نے دہشت گردوں کو ’اینٹ کا جواب پتھر سے‘ دیا ہے۔ سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے اسے فضائیہ کی غیر معمولی کاروائی بتایا جبکہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے پائلٹوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو فضائیہ پر فخر ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کیا، ’میں فضائیہ کے پائلٹوں کی بہادری کو سلام کرتا ہوں‘۔ انہوں نے’ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر ملک کے اقبال کو بلند کیا‘۔

ترنمول کانگریس کی رہنما اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی ٹوئٹر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’آئی اے ایف کا مطلب انڈیاز امیزنگ فائٹر(ہندوستان کے جانباز لڑاکے) بھی ہے۔ جے ہند‘ جنتا دل (سیکولر) کے رہنما اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کمارا سوامی نے کہا، ’ہندوستانی فضائیہ کو سلام۔ جے جوان....جے ہند۔

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو مایاوتی اور سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھیلیش یادو نے پی او کے میں اس کاروائی کے لیے فضائیہ کو مبارکباد پیش کی۔ ایس پی کے صدر نے کہا کہ فضائیہ کو مبارکباد، ہم سب ان کے ساتھ ہیں‘۔

بی ایس پی سپریمو نے ٹوئٹ کیا،’ جیش کے دہشت گرد وغیرہ کے خلاف پی او کے میں گھس کر ہندوستانی فضائیہ کے بہادر جانبازوں کی بہادرانہ کاروائی کو سلام۔ کاش بی جے پی کی حکومت نے پہلے ہی ہماری فوج کو پوری چھوٹ دے دی ہوتی تو بہتر ہوتا‘۔

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے اس کاروائی کے لیے فضائیہ کو سلام کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ اشوک گہلوت نے ٹوئٹ کرتے ہوئے فضائیہ کے جانباز پائلٹوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی بہادری کو سلام کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Feb 2019, 5:10 PM