سی بی ایس ای دسویں میں سارہ حسن کی نمایاں کامیابی، اُردو میں 100 نمبر
دہلی کی طالبہ سارہ حسن نے اردو مضمون میں 100 نمبر حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ اس کامیابی پر اسکول، والدین اور اہلِ خانہ نے خوشی کا اظہار کیا اور اسے نئی نسل کے لیے حوصلہ افزا مثال قرار دیا

نئی دہلی: سی بی ایس ای کے دسویں جماعت کے حالیہ نتائج میں دہلی کی طالبہ سارہ حسن نے اُردو مضمون میں 100 نمبر حاصل کر کے نمایاں کامیابی درج کی ہے۔ اس کامیابی کو نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ اسکول انتظامیہ نے بھی قابلِ فخر قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ 2026 کا رزلٹ پچھلے سال کے مقابلے قدرے بہتر رہا۔ دسویں کلاس میں جن طلبہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ان کی خوب ستائش ہو رہی ہے اور انہی میں ایک نام سارہ حسن کا بھی ہے۔
سارہ حسن زینت محل گورنمنٹ سرودیہ کنیا ودیالہ جعفرآباد دہلی کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے انگریزی میں 95، ہندی میں 91، ریاضی میں 79، سائنس میں 91، سوشل سائنس میں 95 اور اُردو میں 100 نمبر حاصل کر کے مجموعی طور پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
سارہ حسن نے دسویں کلاس میں اُردو مضمون میں صد فیصد نمبر لا کر خاندان کا نام روشن کیا ہے۔ اس کامیابی پر فخر کرتے ہوئے اسکول کی پرنسپل راجیش چوہان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سارہ حسن نے اُردو سبجیکٹ میں صد فیصد نمبر لا کر یہ پیغام دیا ہے کہ اسکول و اساتذہ بچوں کی آبیاری اور ان کو بہتر سے بہتر تعلیم دلانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اپنی بیٹی کی کامیابی پر والد وسیم حسن عباسی اور والدہ ادیبہ حسن عباسی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سارہ نے محنت اور لگن سے یہ کامیابی حاصل کی ہے، ہمیں اس پر فخر ہے اور ہم نے ہمیشہ اسے پڑھائی کے لیے حوصلہ دیا۔ وسیم حسن عباسی نے مزید کہا کہ انہوں نے سارہ کی تعلیم پر مسلسل توجہ دی اور اساتذہ سے رابطہ رکھا، جس کا مثبت نتیجہ سامنے آیا۔
اس موقع پر نانا محمد فائق نے خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سارہ کی کامیابی پر بہت فخر ہے، اس نے محنت سے یہ مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اُردو میں 100 نمبر حاصل کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ یہ زبان آج بھی نئی نسل میں مقبول ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سارہ نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ علاقے کا نام بھی روشن کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔