سی بی ایس ای 12ویں کا ریزلٹ برآمد، اس بار بھی لڑکیوں نے ماری بازی

پرانی دہلی کے مشہور رابعہ گرلز پبلک اسکول کا 12 ویں کا ریزلٹ اس بار بھی 100 فیصد رہا۔ خاص بات یہ ہے کہ اس مر تبہ 15 طالبات نے 90 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے ہیں۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

محمد تسلیم

سی بی ایس ای کی جانب سے 12 ویں کلاس کے نتائج کا اعلان پیر کے روز کر دیا گیا ۔ سی بی ایس ای کے ذریعہ جاری کردہ بیان کے مطابق رواں سال 12 ویں کلاس میں 88.78 فیصد طالب علم پاس ہوئے ہیں۔جبکہ گزشتہ برس 2019 میں 83.40 فیصد طالب علم پاس ہوئے تھے۔ گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال 5.38 فیصد سے زائد طالب علم پاس ہوئے ہیں۔ہر سال کی طرح امسال بھی لڑکیوں نے بازی ماری ہے۔ لڑکیوں کے پاس ہونے کی شرح لڑکوں کے مقابلے اس سال 5.96 فیصد زیادہ رہی۔

دہلی کے اردو میڈیم اسکولوں کے طلباو طالبات نے بھی اس مر تبہ بہترین کار گردگی کا مظاہرہ کیا۔پرانی دہلی کے مشہور رابعہ گرلز پبلک اسکول کا 12 ویں کا ریزلٹ اس بار بھی 100 فیصد رہا۔ خاص بات یہ ہے کہ اس مر تبہ 15 طالبات نے 90 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے ہیں۔اس مرتبہ رابعہ گرلز پبلک اسکوکی ٹاپر ”ماہم اسماعیل ہیں جنہوں نے 96.80 فیصد نمبرات کے ساتھ ٹاپ کیاہے۔ لائبا ممتاز نے 96 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسرے مقام حاصل کیا اور عائشہ شمیم 95 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسرے مقام پر رہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ لال کنواں پرانی دہلی کے زینت محل اسکول، پرانی دہلی کے کلاں محل واقع گورنمنٹ گرلز سینئر سیکنڈری اسکول کلاں محل اسکول اور پنامہ گرلز سینئر سیکنڈری اسکول کا نام بھی اسکولوں کی اس فہرست میں شامل ہے جہاں کا ریزلٹ 100 فیصد رہا۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ گرلز سینئر سیکنڈری اسکول ایس کے وی بلبل ِ خانہ اردو میڈیم کا رزلٹ 98 فیصد رہا اور سروودیہ بال ودھالیہ پٹودی ہاؤس بائز اردو میڈیم کا ریزلٹ 96 فیصد رہا۔

شمال مشرقی دہلی میں واقع ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سکینڈری اسکول کا ریزلٹ اس مرتبہ 81 فیصد رہا ہے لیکن خاص بات یہ ہے کہ اس بار لڑکوں نے تینوں پوزیشن پر بازی ماری ہے۔ اسکول کے طالب علم ضیاء الدین نے 96 فیصد نمبر لاکر فرسٹ پوزیشن حاصل کی، محمد معا ذ نے 93 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا جبکہ امان احمد انصاری نے بھی 93 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسرے مقام پر گرفت بنائی۔

واضح رہے کہ سی بی ایس ای نے اپنے آفیشیل ویب سائٹ cbseresults.nic.in پر آج ریزلٹ جاری کیا۔ اس مرتبہ 13,109 اسکولوں میں 4,984 امتحان مراکز پر 12 ویں کے امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔ جس میں 12,03,595 طلبہ و طالبات نے امتحان دینے کے لئے رجسٹریشن کرایا تھا۔ تاہم 10,59,080 طلبہ و طالبات امتحان میں شریک ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Jul 2020, 10:46 PM
/* */