ڈیجیٹل اریسٹ فراڈ پر سی بی آئی کی اہم کارروائی، اڈیشہ اور راجستھان سے 3 ملزمان گرفتار
سی بی آئی نے ڈیجیٹل اریسٹ فراڈ کے معاملے میں اڈیشہ اور راجستھان میں چھاپے مار کر 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو 2 کروڑ 7 لاکھ روپے کی رقم مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے منتقل کرنے میں ملوث تھے

نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے ڈیجیٹل اریسٹ ٖ فراڈ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اڈیشہ اور راجستھان میں مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفتیشی ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی 30 جون کو کی گئی، جس کے دوران 7 مقامات کی تلاشی لی گئی اور اہم شواہد بھی ضبط کیے گئے۔
سی بی آئی اس معاملے کی جانچ پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ 25 مارچ کو درج کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ ملزموں نے ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم کو فرضی قانونی کارروائی اور نام نہاد ڈیجیٹل اریسٹ کا خوف دکھا کر دو کروڑ سات لاکھ روپے اپنے قبضے میں لے لیے تھے۔
جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم پہلے ایک ٹرسٹ کے نام پر کھولے گئے بینک کھاتے میں منتقل کی گئی، جس کے بعد اسے مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے گھما کر آگے بھیجا گیا تاکہ رقم کے اصل ماخذ کو چھپایا جا سکے۔
سی بی آئی نے بتایا کہ اس معاملے میں اڈیشہ کے بالاسور سے دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ تیسرے ملزم کو راجستھان کے ناگور سے حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق تینوں ملزم غیر قانونی رقم کو مختلف کھاتوں کے ذریعے منتقل کرنے اور اس کی تہہ در تہہ منتقلی کے عمل میں سرگرم کردار ادا کر رہے تھے۔
چھاپوں کے دوران تفتیشی ٹیم نے متعدد اہم دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور دیگر الیکٹرانک شواہد بھی ضبط کیے ہیں، جن کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد اور ممکنہ معاونین کی بھی نشاندہی کی جا سکے۔
سی بی آئی نے کہا ہے کہ بینکاری نظام کا غلط استعمال کر کے سائبر جرائم کو فروغ دینے والے افراد اور اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر نہ صرف مالی جرائم میں ملوث ہوتے ہیں بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
تفتیشی ایجنسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سائبر دھوکہ دہی کے مختلف طریقوں، جعلی سرمایہ کاری کی پیشکشوں، سرکاری اداروں یا قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے نام پر آنے والی فرضی کالوں اور نام نہاد ڈیجیٹل اریسٹ جیسی دھمکیوں سے ہوشیار رہیں۔ سی بی آئی نے واضح کیا کہ ایسی کال یا پیغام موصول ہونے پر گھبرانے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
