آرکام بینک دھوکہ دہی معاملہ: سی بی آئی نے 6015 کروڑ روپے کے کیس میں امیتابھ جھنجھنوالا کو کیا گرفتار

سی بی آئی نے آرکام گروپ کے سابق گروپ منیجنگ ڈائریکٹر امیتابھ جھنجھنوالا کو 6015 کروڑ روپے کے بینک دھوکہ دہی معاملے میں گرفتار کر لیا۔ الزام ہے کہ قرض کے غلط استعمال سے بینکوں کو بھاری نقصان پہنچا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

ممبئی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی قیادت والے بینکوں کے ایک کنسورشیم کو 6015 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے سے متعلق معاملے میں ریلائنس کمیونیکیشنز گروپ کے سابق گروپ منیجنگ ڈائریکٹر امیتابھ جھنجھنوالا کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی بی آئی کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں اس گرفتاری کی تصدیق کی گئی۔

تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق امیتابھ جھنجھنوالا ریلائنس کمیونیکیشنز گروپ میں کارپوریٹ فنانس، بینکاری اور فنڈ مینجمنٹ جیسے اہم شعبوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ الزام ہے کہ انہوں نے مختلف بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے عمل میں کلیدی کردار ادا کیا اور بینکوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ رابطہ کاری کی۔

سی بی آئی کا کہنا ہے کہ ان کی ہدایات کی بنیاد پر حاصل کیے گئے قرضوں کا استعمال یا انتظام گروپ کے دیگر عہدیداروں نے کیا، جبکہ قرض کی رقم کے غلط استعمال کے باعث بینکوں کو غیر ضروری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ سی بی آئی کے مطابق مختلف بینکوں سے حاصل کیے گئے قرضوں کی واپسی نہ ہونے کے سبب متعلقہ کھاتے ناقابل وصول اثاثوں یعنی این پی اے میں تبدیل ہو گئے۔

ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ جھنجھنوالا اس سلسلے میں ریلائنس کمیونیکیشنز گروپ کی کمپنیوں کے پروموٹرز کی ہدایات پر عمل کر رہے تھے۔ یہ مقدمہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شکایت پر درج کیا گیا تھا، جس میں ریلائنس کمیونیکیشنز لمیٹڈ اور انل ڈی امبانی پر تقریباً 2929.05 کروڑ روپے کے نقصان کا الزام عائد کیا گیا ہے۔


شکایت کے مطابق اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی سربراہی میں 11 بینکوں کے کنسورشیم نے ریلائنس کمیونیکیشنز لمیٹڈ کو مدتِ معینہ کے قرض فراہم کیے تھے، جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 6015 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

سی بی آئی نے مزید بتایا کہ 17 سرکاری شعبے کے بینکوں کے حوالے سے آرکام گروپ کی مجموعی واجب الادا رقم 19694.33 کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی۔ ایجنسی نے مختلف سرکاری بینکوں اور لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کی شکایات کی بنیاد پر آرکام، ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ، ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ اور ریلائنس ٹیلی کام لمیٹڈ کے خلاف چھ دیگر مقدمات بھی درج کر رکھے ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔ ان مقدمات کی نگرانی سپریم کورٹ کر رہا ہے۔

سی بی آئی کے مطابق امیتابھ جھنجھنوالا پہلے سے ہی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، دہلی کے زیرِ تفتیش ایک مقدمے میں عدالتی تحویل میں تھے اور تہاڑ جیل میں بند تھے۔ موجودہ مقدمے میں ان کی تحویل حاصل کرنے کے لیے ممبئی کی خصوصی عدالت سے پیشی وارنٹ حاصل کیے گئے۔ بعد ازاں انہیں طبی معائنے کے لیے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، نئی دہلی بھیجا گیا، جہاں میڈیکل بورڈ نے انہیں سفر کے لیے موزوں قرار دیا۔

اس کے بعد انہیں ممبئی منتقل کیا گیا اور یکم جون کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں پیشی کے بعد سی بی آئی نے ان کی باضابطہ گرفتاری عمل میں لائی، جسے عدالت نے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔ بعد ازاں انہیں عدالتی تحویل میں آرتھر روڈ جیل بھیج دیا گیا۔ ان کی پولیس تحویل کی درخواست پر منگل کو سماعت متوقع ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔