بلیا قتل: سات ملزمان گرفتار، اہم ملزم ہنوز فرار، علاقہ کے تمام اسلحوں کے لائسنس منسوخ

بلیا میں سستے غلے کی دکان کے الاٹمنٹ کے لئے ہونے والی میٹنگ کے دوران ایک شخص کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا، اہم ملزم بی جے پی کے رکن اسمبلی کا قریبی بتایا جاتا ہے، جو فی الحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بلیا: پولیس نے بلیا فائرنگ کے کلیدی ملزم دھریندر پرتاپ سنگھ کے بھائی دیویندر پرتاپ سنگھ سمیت سات ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ کلیدی ملزم دھریندر سنگھ ابھی تک مفرور ہے اور پولیس کی ایک درجن ٹیمیں اس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہیں۔ دریں اثنا، دُرجن پور گاؤں کے تمام اسلحوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعظم گڑھ زون کے آئی جی سبھاش چندر دوبے درجن پور گاؤں میں خیمہ زن ہیں۔ جبکہ کلیدی ملزم کی تلاش میں پولیس کی درجن سے زائد ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ اور ملزم کی گرفتاری کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔


میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے کلیدی ملزم کے گھر کی خواتین کو تھانے میں بٹھا رکھا ہے اور ملزموں کے گھر میں توڑ پھوڑ کیے جانے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ الزام ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ملزم کے گھر کی کھڑکیاں توڑ ڈالی ہیں۔ اتنا ہی نہیں، گھر میں رکھے ہوئے فرنیچر کو بھی توڑا گیا ہے۔ پولیس اہلکاروں نے گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکلوں اور کار پر بھی اپنا غصہ اتارا۔

غورطلب ہے کہ 15 اکتوبر کی سہ پہر بلیا کے درجن پور گاؤں میں کھلی پنچایت ہو رہی تھی، اسی دوران دو گروپوں میں تصادم ہو گیا اور گاؤں کے دبنگ دھیرندر پرتاپ سنگھ عرف ڈبلیو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مخالفین پر حملہ کر دیا اور فائرنگ شروع کر دی۔ اس واقعہ میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔