’مسلمانوں کی نسلیں برباد کرنی ہیں تو مودی کو ووٹ دیں‘، بی جے پی رہنما کی زہرفشانی

بارہ بنکی سے بی جے پی امیدوار نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے ایک اجلاس کے دوران مسلمانوں کے خلاف زہر فشانی کرتے ہوئے کہا کہ ’مسلمانوں کی نسلیں برباد کرنی ہیں تو مودی کو ووٹ دیں‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے بارہ بنکی سے بی جے پی رہنما رنجیت بہادر شریواستو نے گھٹیا بیانات کی تمام حدود کو پار کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ اگر مسلمانوں کی نسلوں کو برباد کرنا چاہتے ہیں تو وزیر اعظم نریندر مودی کو ووٹ دیں۔ شریواستو کے اس بیان کو مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مانتے ہوئے الیکشن کمیشن کی مقامی ٹیم کے سربراہ نے رنجیت بہادر کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق بی جے پی رہنما رنجیت بہادر نے بارہ بنکی سے بی جے پی امیدوار اپیندر راوت کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے ایک اجلاس کے دوران مسلمانوں کے خلاف زہر فشانی کی۔ خطاب کے دوران انہوں نے کہا ’’گزشتہ 5 سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی نے مسلمانوں کے حوصلے  توڑنے کا کام کیا ہے۔ اگر آپ مسلمانوں کی نسل کو برباد کرنا چاہتے ہیں تو نریندر مودی کے حق میں ووٹ دیں۔ بٹوارے کے باوجود ہندوستان میں مسلم آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اور جلد ہی مسلمان ووٹنگ کے ذریعے اقتدار حاصل کر لیں گے۔‘‘

رنجیت نے مزید کہا، ’’پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا انتخابات کے بعد چین سے مشینیں منگواکر 12-10 ہزار مسلمانوں کی حجامت کرائے گی اور اس کے بعد مسلمانوں کو جبراً تبدیل مذہب کرایا جائے گا اور انہیں ہندو بنا لیا جائے گا۔‘‘

رنجیت شریواستو کے اس بیان کے خلاف الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ کے سربراہ اور جنگلات کے افسر وکرم سنگھی سچان نے پولس کو شکایت دے کر شہر کوتوالی میں معاملہ درج کرایا ہے۔ ایس پی آر ایس گوتم نے بتایا کہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالہ سے بی جے پی رہنما کے خلاف شکایت موصول ہوئی ہے، معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور ثبوت جمع کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جس وقت رنجیت شریواستو مسلمانوں کے خلاف زہر اگل رہا تھا اس وقت اسٹیج پر شعلہ بیان رہنما ونے کٹیار اور اس کے علاوہ پارٹی کے کئی اور عہدے دار موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Apr 2019, 10:10 AM