منوج تیواری کے خلاف معاملہ درج، مکان کی سیلنگ توڑنے کا الزام

کارپوریشن کی جانب سے تعزیرات ہند کی دفعہ 188 اور دہلی میونسپل ایکٹ کی دفعہ 462 اور 465 کے تحت گوكل پوري تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دارالحکومت کے گوکل پوری علاقے میں سیلنگ توڑنے کے معاملے میں شمال مشرقی دہلی کے رکن پارلیمان منوج تیواری کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔

شمال مشرقی دہلی کے پولیس کے ڈپٹی کمشنر اتل کمار ٹھاکر نے منگل کو بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے ملنے والی تحریری شکایت کی بنیاد پر تعزیرات ہند کی دفعہ 188 اور دہلی میونسپل ایکٹ کی دفعہ (ڈي ایم سي ایکٹ) 462 اور 465 کے تحت گوكل پوري تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔

قبل ازیں شاہدرہ شمالی زون کی جانب سے کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ گوكل پوري گاؤں کے مکان نمبر 46 کو پولیس کی موجودگی میں غیر قانونی طور پر ڈیری چلانے کی وجہ سے 14 ستمبر کو سیل کیا گیا تھا، جسے کسی نے 16 ستمبر کو توڑ دیا۔

کارپوریشن نے اپنی شکایت میں یہ بھی کہا ہے کہ میڈیا میں آئی رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ اس سیل کو تیواری نے توڑا ہے۔ کارپوریشن نے 17 ستمبر کو کی گئی شکایت میں پولیس سے معاملہ درج کرکے تحقیقات کی مانگ کی تھی۔

غور طلب ہے کہ اتوار کو تیواری اپنے پارلیمانی حلقہ کے گوكل پوري میں ایک سڑک کے سنگ بنیاد کے موقع پر پہنچے تھے۔ اس دوران مقامی لوگوں نے ایک مکان میں لگی سیل کی شکایت ان سے کی۔ اس کے بعد تیواری نے فوری طور پر ہتھوڑا مانگا اور سیل کو توڑ دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔