’موب لنچنگ پر مودی کو خط لکھنے والی شخصیتوں پر مقدمہ بدقسمتی کی بات‘
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے) کی اتر پردیش یونٹ نے ہجومی تشدد پر اقدام کرنے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھنے والی شخصیتوں کے خلاف ایف آئی آر پر سپریم کورٹ سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے
لکھنؤ: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے) کی اترپردیش یونٹ نے ہجومی تشدد پر اقدام کرنے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھنے والی شخصیتوں کے خلاف بہار کے مظفرپور ضلع میں ایف آئی آر درج کرنے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔
پارٹی کے ریاستی سکریٹری سدھاکر یادو نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ملک کے خلاف بغاوت جیسی سنگین دفعات میں دانشوروں، تھیٹر سے منسلک شخصیتوں اور فلم سازوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا جمہوریت کے لئے تشویشناک بات ہے۔
ان معزز شخصیتوں نے ملک کو شرمندہ کرنے والی ’موب لنچنگ‘ پر اپنی فکرمندیوں سے وزیراعظم کو باخبر کرانے اور اسے روکنے کے لئے ضروری اقدام کرنے کی اپیل کی تھی۔ ایسا کرکے انہوں نے جمہوریت میں ایک صحت مند اور ذمہ دار شہری ہونے کی ذمہ داری کا حق ادا کیا تھا۔ ایسے میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جانا فرد کی آزادی پر حملہ ہے۔
یہ کارروائی اس طرح کا احساس کراتی ہے کہ مانو ہم غیر اعلان شدہ ایمرجنسی میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے اس میں دخل دینے اور ایف آئی آر کو غیر موثر کرنے کی اپیل کی۔
مالے کے سکریٹری نے بتایا کہ جمعرات کو مظفرپور ضلع کی ایک عدالت کے حکم پر مورخ رام چندر گوہا، فلم ساز منی رتنم، شیام بنیگل سمیت ملک کی 50 مشہور اہم شخصیتوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Oct 2019, 9:54 PM