تمل ناڈو: 4 کورونا مریضوں کو دے دی گئی چھٹی، سامنے آئی اسپتال انتظامیہ کی لاپروائی

اسپتال انتظامیہ نے 4 کورونا مریضوں کو چھٹی دے دی تھی۔ غلطی کا احساس ہونے پر اسپتال کے افسران پولس کے پاس پہنچے۔ پولس نے ایک ہی فیملی کے 3 لوگوں کو برآمد کر لیا ہے جب کہ ایک کی تلاش جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا بحران کے درمیان تمل ناڈو کی ایک اسپتال انتظامیہ کی لاپروائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خبروں کے مطابق لاپروائی کا یہ معاملہ ویلوپورم ضلع کے ایک اسپتال کا ہے جہاں غلطی سے کووڈ-19 کے مریض کو چھٹی دے دی گئی۔ بعد میں پولس کو اس لاپروائی کے بارے میں بتایا گیا اور ان سے سبھی چار مریضوں کو برآمد کرنے کے لیے کہا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے منگل کو ایک غلطی کی وجہ سے چار کورونا پازیٹو مریضوں کو چھٹی دے دی تھی۔ اس غلطی کا احساس ہونے پر اسپتال کے افسر پولس کے پاس پہنچے اور پھر ضلع میں رہنے والے ایک ہی فیملی سے جڑے تین لوگوں کو تلاش کر کے وہاں سے فوراً ہٹایا گیا۔ بچے ہوئے جس ایک شخص کا پتہ لگایا جا رہا ہے وہ دہلی کا ایک مہاجر مزدور ہے۔

ویلوپورم پولس سپرنٹنڈنٹ ایس جے کمار نے بتایا کہ شام کو 26 مریضوں کا ٹیسٹ ریزلٹ آیا تھا جن میں سے چار پازیٹو تھے۔ بعد میں غلطی سے ان چار مریضوں کو نگیٹو کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا۔ جے کمار نے کہا کہ پولس نے اسپتال چھوڑنے کے بعد تین مریضوں کو ٹریک کر کے کوارنٹائن کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چوتھا مریض دہلی سے نہیں آیا ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ چوتھے مریض کو تلاش کرنے کے لیے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔


واضح رہے کہ تمل ناڈو میں بدھ کے روز کورونا وائرس انفیکشن کے 48 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی ریاست میں کل مریضوں کی تعداد 738 تک پہنچ گئی۔ ریاستی حکومت کے سینئر افسروں نے بتایا کہ سامنے آئے 48 معاملوں میں 42 وہ لوگ ہیں جو دہلی کے نظام الدین میں تبلیغی جماعت کے مرکز میں شامل ہو کر آئے تھے۔ ریاست کی ہیلتھ سکریٹری بیلا راجیش نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے منگل کو ویلور میں 45 سالہ ایک شخص کی موت ہو گئی جو ریاست میں اس بیماری سے آٹھویں موت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس شخص نے کورونا وائرس انفیکشن کے ایک مریض سے ملاقات کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔